• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 30 لاکھ سے بھی زائد ہوگئی

شائع April 27, 2020
چین میں اسکولوں کو کھول دیا گیا ہے — فوٹو:اے ایف پی
چین میں اسکولوں کو کھول دیا گیا ہے — فوٹو:اے ایف پی

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اب تک متاثرین کی تعداد 30 لاکھ جبکہ اموات 2 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہیں۔

کورونا وائرس کے اعداد وشمار جاری کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 30 لاکھ 18 ہزار 203 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک وائرس سے متاثر ہوکر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 7 ہزار 733 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 8 لاکھ 94 ہزار 759 متاثرین صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

نیویارک کو 15 مئی تک جزوی کھولا جاسکتا ہے، گورنر

امریکا دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں مزید 162 کیسز کے اضافے کے بعد تعداد 9 لاکھ 87 ہزار 322 ہوگئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 55 ہزار 415 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 781 ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں اس وقت زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 126 ہے جن میں سے 15 ہزار 143 کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین میں تعلیمی ادارے کھل گئے، اسپین میں بچوں کو باہر جانے کی اجازت

نیویارک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 3 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور آخری اطلاعات تک 2 لاکھ 93 ہزار 991 کیسز ہوگئے تھے اور اموات کی تعداد 22 ہزار 275 تھی۔

امریکا کی ریاست نیوجرسی میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار 38 ہوگئی ہے تاہم نیویارک کے مقابلے میں اموات کی شرح کم ہے۔

نیو جرسی میں اب تک 5 ہزار 938 افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں اور 6 سو سے زائد متاثرین کی حالت تشویش ناک ہے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیویارک کے گورنر اینڈریو کوومو کا کہنا تھا کہ 15 مئی سے معاشی سرگرمیوں کو جزوی طور پر بحال کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قسم کی نرمی کا فیصلہ کیا گیا تو پہلے مرحلے میں ریاسست کے شمالی علاقے میں کیا جائے گا اور نیویارک سٹی میں نرمی نہیں ہوگی جو امریکا کا سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیویارک سٹی کو کھولنے سے قبل ہمسایہ ریاستوں کے حکام سے بھی اس معاملے پر مشاورت کی ضرورت پڑے گی۔

اسپین میں لاک ڈاؤن میں نرمی

اسپین میں حکام کی جانب سے بندشوں میں کمی کی گئی ہے لیکن چند روز میں مزید 9 ہزار 570 کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار 199 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے یورپی ملک میں اب تک 23 ہزار 521 افراد ہلاک اور ایک لاکھ 27 ہزار 609 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا دعویٰ

یاد رہے کہ اسپین میں مارچ کے آغاز میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور تقریبا 5 ہفتے تک سخت لاک ڈاؤن جاری رہا جس کے بعد نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اسپین کی حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرتے ہوئے 27 اپریل کو بچوں پہلی بار 6 ہفتوں بعد گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت دی۔

اس سے قبل اسپین کی حکومت نے چند کاروباری اداروں کو کھولنے کی اجازت دی تھی اور اب آہستہ آہستہ اس کا دائرہ کار وسیع ہو رہا ہے۔

برطانیہ

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن صحت یاب ہو کر اپنے فرائض انجام دینے لگے ہیں تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 52 ہزار 840 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 20 ہزار 732 ہے جبکہ ایک ہزار 559 افراد کی حالت بدستور خراب ہے۔

برطانیہ میں نافذ لاک ڈاؤن کی مدت مئی کے پہلے ہفتے کو ختم ہوجائے گی اور وزیراعظم بورس جانسن کو اب سب سے بڑا چیلنج لاک ڈاؤن کے حوالے سے فیصلے کی صورت میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا نے کورونا وائرس تحقیقات پر چین کی ’معاشی جبر‘ کی دھمکی کو مسترد کردیا

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم بورس جانسن نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وزرا سے تجاویز طلب کی ہیں کہ کس طرح زندگیوں کو محفوظ بناتے ہوئے کاروبار کو بحال کیا جا سکتا ہے۔

روس میں کیسز چین سے زیادہ ہوگئے

روس میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کورونا وائرس دیر سے پہنچا تاہم اب یہاں تعداد چین سے زیادہ ہوگئی ہے۔

تازہ اعداد وشمار کے مطابق روس میں کیسز کی مجموعی تعداد 87 ہزار 147 ہے اور 794 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

روس میں اب تک کی رپورٹس کے مطابق 7 ہزار 346 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 79 ہزار 7 مریض زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024