سندھ: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 5 ہزار روپے تک بڑھانے کی تجویز
سندھ کابینہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے کی رقم کو 5000 روپے تک بڑھانے کی تجویز دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ مقررہ رفتار سے تیز موٹر سائیکل چلانے پر جرمانے کی رقم کو 400 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کردیا جائے۔
اسی طرح تیز رفتاری پر کار/جیپ/پی ایس ایل وی/ایل ٹی وی کے لیے ایک ہزار روپے جبکہ ایچ ٹی وی کے لیے جرمانہ 1500 روپے کرنے کی تجویز دی گئی۔
ساتھ ہی کابینہ نے زیادہ مسافر بٹھانے پر پبلک سروس وہیکل کے لیے مقررہ جرمانے کی رقم کو 300 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کرنے کی بھی تجویز دی۔
یہ بھی پڑھیں: ہائی ویز ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانوں میں 15 سو فیصد تک اضافہ
اسی طرح ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر مختلف گاڑیوں کے لیے مقررہ جرمانے کو 400 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار سے 5 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی۔
علاوہ ازیں سامان بردار گاڑیوں (گڈز ٹرانسپورٹ) کو قواعد سے زائد سامان لادنے (اوور لوڈنگ) پر جرمانے کی رقم ایک ہزار روپے سے بڑھا کر 2 ہزار روپے کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ جہاں اوور ٹیکنگ منع ہے وہاں خلاف ورزی پر جرمانہ 300 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے سے 2 ہزار روپے کردیا جائے اس کے ساتھ 52 ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے میں بھی اضافہ کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ جرمانے کی رقوم میں اضافہ کرنے کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔
مزید پڑھیں: ٹریفک چالان میں چار گنا اضافہ کیوں ضروری؟
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کا جرمانہ اتنا زیادہ ہو تا کہ دیتے ہوئے تکلیف ہو جب ادائیگی سے تکلیف پہنچے گی تو قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈر سے بات چیت کر کے تجاویز کو حتمی شکل دی جائے۔