• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

جناح ہسپتال میں خودکشی کرنے والے شخص کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

شائع April 27, 2020
خودکشی کرنے والا شخص مبینہ طور پر منشیات کا عادی تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
خودکشی کرنے والا شخص مبینہ طور پر منشیات کا عادی تھا — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں قائم آئیسولیشن وارڈ سے چھلانگ لگا کر خود کشی کرنے والے شخص کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا۔

ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ 37 سالہ فواد عباسی کو وائرس کی ممکنہ علامات ظاہر ہونے پر اتوار کی شب کراچی کے علاقے لانڈھی سے جناح ہسپتال لایا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ خودکشی کرنے والا شخص مبینہ طور پر منشیات کا عادی تھا۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے جاری کردہ بیان کے مطابق مریض کو غنودگی کے عالم میں ہسپتال لایا گیا تھا بعدازاں اسے ہوش آیا تھا جبکہ مذکورہ شخص کا رویہ بھی غیر معمولی تھا۔

متاثرہ شخص کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریض کا سینے کا ایکسرے کیا گیا تھا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مریض ممکنہ طور پر وائرس سے متاثر تھا چنانچہ اسے ہسپتال میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے مختص وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کا مریض سمجھے جانے پر عمر رسیدہ شخص نے خودکشی کرلی

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مریض نے اپنے کپڑے اتار کر ہسپتال کی بلڈنگ میں گھومنا شروع کردیا تھا ساتھ ہی عملے کو دھمکیاں بھی دیں۔

مریض کے قابلِ اعتراص رویے پر اسے تیسری منزل پر بند کردیا گیا تھا جہاں اس نے لوہے کی جالی اور دروازوں کو نقصان بھی پہنچایا اور صبح 6 بج کر 58 منٹ پر کھڑکی سے کود گیا۔

جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹ آئی جسے فوری طور پر شعبہ حادثات لے جایا گیا تاہم علاج کے دوران وہ دم توڑ گیا۔

بعدازاں ڈاکٹر سیمی جمالی نے اس بات کی تصدیق کی کہ خودکشی کرنے والے شخص کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا۔

اس سے چند روز قبل لاہور کے علاقے غازی آباد میں علاقہ مکینوں کی جانب سے کورونا وائرس کا مریض کہلائے جانے پر عمر رسیدہ شخص نے خودسوزی کر لی تھی۔

پولیس کے مطابق 68 سالہ حنیف احمد دمے کے مریض تھے تاہم چند لوگ انہیں کورونا وائرس کا مریض کہہ رہے تھے۔

سانحے کے روز حنیف کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی اور انہوں نے دمے کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کی شکایات کی تھی تاہم چند پڑوسیوں نے ایک جیسی علامت کی وجہ سے انہیں کورونا وائرس کا کیس بتایا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے ڈر سے 3 بچوں کے باپ نے خودکشی کرلی

طبیعت خراب ہونے پر حنیف نے پیٹرول کا بندوبست کیا اور ایک مقامی قبرستان میں خود کو آگ لگا دی، بزرگ شخص نے اپنی موت سے چند لمحے پہلے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اس کے علاقے میں کسی نے اسے کورونا وائرس کا تصدیق شدہ مریض کہا تھا۔

خیال رہے کورونا وائرس کے باعث بیرونِ ملک بھی خودکشی کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جس میں گزشتہ ماہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریض نے ہسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی تھی۔

اسی طرح بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں 3 بچوں کے باپ نے محض اس خدشے پر خودکشی کرلی تھی، جب اس کو لگا کہ وہ نئے کورونا وائرس کا شکار ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے اس کا خاندان بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ماہ کے اواخر میں کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ملک اٹلی کی ایک نرس نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024