• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

پاکستان میں مزید 619 کیسز سے متاثرین کی تعداد 13947 ہوگئی،3 ہزار سے زائد صحتیاب

شائع April 27, 2020 اپ ڈیٹ April 28, 2020
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں تقریباً 30 لاکھ لوگوں کو متاثر اور 2 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس وائرس سے اب تک 13 ہزار 947 متاثر جبکہ 293 اموات ہوچکی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کو 2 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اب بھی اس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور آئے روز سیکڑوں افراد اس وائرس سے متاثر جبکہ متعدد انتقال کرچکے ہیں۔

اگر پاکستان میں کورونا وائرس کے ان 2 ماہ کا موازنہ کریں تو 26 فروری سے 26 مارچ تک پاکستان میں کورونا وائرس کے تقریباً 1200 کیسز اور 9 اموات تھیں۔

تاہم اس کے بعد 26 اپریل تک دوسرے ماہ کے دوران 12 ہزار سے زائد کیسز اور 269 افراد انتقال کرگئے، جو ملک میں اس عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ ملک میں اگلے ماہ یعنی مئی میں وائرس کے کیسز بلندی پر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں جزوی لاک ڈاؤن میں بھی 9 مئی تک کی توسیع کی گئی ہے۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے پر حکومت نے مخلتف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تاکہ وائرس کی مقامی منتقلی کو روکا جاسکے۔

تاہم اس وقت ملک میں موجود کورونا وائرس کے مجموعی کیسز میں تقریباً 80 فیصد کیسز ایسے ہیں جو مقامی سطح پر ایک فرد سے دوسرے میں منتقل یعنی مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔

اگر آج کے کیسز کے نظر ڈالیں تو پیر (27 اپریل) کو مزید 619 لوگوں کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید افراد بھی صحتیاب ہوئے۔

سندھ

ادھر سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 341 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 733 ٹیسٹ کیے، جس کے بعد اب تک ٹیسٹ کی تعداد 43 ہزار 949 ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے ٹیسٹ میں سے 341 کے نتائج مثبت آئے جس کے بعد اب تک متاثرین کی تعداد 4956 ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسی دوران مزید 4 افراد کے انتقال سے یہ تعداد 85 ہوگئی ہے، مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ابھی تک صوبے میں 925 لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے کورونا کے مزید 80 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5526 ہوگئی۔

ترجمان نے کہا کہ 768 زائرین سینٹرز، 1923 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں اور 2749 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے وائرس سے مزید 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد پنجاب میں اموات 84 ہوگئی ہیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں مزید 120 کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 120 نئے کیسز آئے اور مجموعی متاثرین کی تعداد 1984 ہوگئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ 6 اور افراد اس وائرس سے انتقال کرگئے جس سے صوبے میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 104 تک جا پہنچی

بلوچستان

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا کے 72 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 853 ہوگئی۔

بعد ازاں ترجمان نے کورونا وائرس سے ایک اور مریض کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

صوبے میں کورونا وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اس اضافے کے بعد وادی میں متاثرہ افراد کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں مریضوں کی تعداد کا 20 فیصد سے زائد حصہ اس وقت صحتیاب ہوچکا ہے جو متاثرہ افراد کے لیے اُمید کی کرن ہے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 93 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد اب تک صحتیاب افراد کی تعداد 2936 سے بڑھ کر 3029 تک جاپہنچی ہے۔

مجموعی صورتحال

اس تمام صورتحال کے بعد مجموعی طور پر پاکستان میں کیسز کے حساب سے پنجاب سب سے آگے ہے جبکہ سندھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پنجاب میں اس وقت 5526 اور سندھ میں 4956 کیسز موجود ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 1984 ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں 853 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 245 تک پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 318 جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 65 لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا: 104

سندھ: 85

پنجاب: 84

بلوچستان: 14

گلگت بلتستان: 3

اسلام آباد: 3

آزاد کشمیر کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 13 ہزار 328 ہوچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 277 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024