• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

طبی عملے کو حفاظتی سامان فراہم کیا جائے، اسد عمر کی ہدایت

شائع April 26, 2020
—فوٹو: ریڈیو پاکستان
—فوٹو: ریڈیو پاکستان

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے ہدایت کی ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی یونین کے ساتھ روابط کر کے حفاظتی سامان کی ضرورت اور استعمال کے بارے میں آگاہی اور تربیت کو یقینی بنایا جائے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسدعمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ منصوبہ بندی نے بتایا کہ گیلپ سروے کے مطابق 82 فیصد لوگوں نے اعتراف کیا کہ کورونا وائرس سے متلعق فیصلے بروقت اور درست ہیں۔

مزیدپڑھیں: اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

علاوہ ازیں وفاقی وزیر اسد عمر نے ہدایت دی کہ ملک میں چاول، آلو اور گندم سمیت دیگر اجناس کی پیدوار، طلب اور سرپلس کے بارے میں تفصیلات اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیسٹ، ٹریک اینڈ کورنٹین (ٹی ٹی کیو) کی قومی حکمت عملی کی لانچنگ بعد تمام صوبوں نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔

اجلاس میں تمام صوبوں نے یوٹیلیٹی اسٹورز سے متعلق صورتحال، جیلوں میں موجود قیدیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص اور ٹی ٹی کیو پر عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دی۔

صوبہ سندھ کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جیل میں قیدیوں میں کورونا وائرس مثبت نہیں آیا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ اس وقت کورونا وائرس کے 4 ہزار یومیہ ٹیسٹ کر رہے ہیں جبکہ ٹیسٹنگ کٹس کی تعداد مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں ردو بدل، اسد عمر کو وزیر منصوبہ بندی بنانے کا فیصلہ

علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ سندھ میں یوٹیلیٹی اسٹورز میں اشیا ضروریات کی کمی کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔

پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹی ٹی کیو کے تحت اب تک کورونا وائرس سے متاثرین کے 11ہزار روابط کی ٹریسنگ ہوچکی ہے جسے آئی ڈی ایم ایس ڈیٹا کے ساتھ منسلک کر دیا گیا۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹی ٹی کیو پر کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ صوبے میں جیلوں میں 28 فروری سے ہی ایس او پیز پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ صوبے کی جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدی ہیں تاہم ابھی ان قیدیوں میں کورونا مثبت نہیں آیا۔

آزاد و جموں کشمیر کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ آزاد و جموں کشمیر حکومت نے گزشتہ جمعے اور بدھ کو مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے صرف کھانے پینے کی چیزیں کھلیں رہیں گی۔

مزید پڑھیں: اسد عمر وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی

گلگت بلتستان کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ ٹی ٹی کیو حکمت عملی پر مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت گلگت بلتستان کی جیلوں میں 370 قیدی ہیں، تمام جیلوں کی فیومیگیشن کرالی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے صوبوں کو یقنی دہانی کرائی کہ این سی او سی کو بتائے گئے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے۔

انہوں نے وزارت غذائی تحفظ کو ہدایت دی کہ وہ آزاد وجموں کشمیر کی درخواست پر 60 ہزار ٹن اضافی گندم کی سمری فوری طور پر ای سی سی کو بھجوائیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024