شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار کورونا کا شکار
صوبہ سندھ کی شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس ایم بی بی ایم یو) کے سابق رجسٹرار اور ان کے 2 بیٹے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
سندھ کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باعث مختلف قرنطینہ مراکز کے ہسپتال ذرائع اور انتظامیہ میں بھی مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس ایم بی بی ایم یو) کے سابق رجسٹرار اور ان کے 2 بیٹے کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد گھر میں آئسولیشن میں ہیں۔
دوسری جانب چانڈکا میڈٰیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال کے چیسٹ ڈپارٹمنٹ اور میڈیکل یونٹ تھری میں کام کرنے والے 15 ڈاکٹروں اور 9 پیرامیڈکس کے ٹیسٹ منفی آئے۔
مزید پڑھیں: کراچی:ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تصدیق کے باعث عباسی شہید ہسپتال کی ایمرجنسی بند
لاڑکانہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کنٹرول روم نے 24 فروری کو رات گئے تصدیق کی تھی کہ ضلع میں مزید 17 کیسز کے بعد کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 77 سے بڑھ کر 94 ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ ان میں سے 48 افراد ہسپتال میں آئسولیشن میں ہیں جبکہ دیگر 7 صحت یاب ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔
حیدرآباد میں سرکاری ڈسپنسری کے ڈاکٹر، پولیس اہلکار اور احساس کفایت فرنچائز کے عہدیدار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی
علاوہ ازیں انتظامیہ کے عہدیدار کے مطابق حیدرآباد میں احساس کفالت پروگرام کے مختلف مراکز پر موجود 91 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جن میں سے کسی کا بھی ٹیسٹ اب تک مثبت نہیں آٰیا۔
اس کے ساتھ ہی نواب شاہ مٰیں شہید بینظیرآباد ڈسٹرکٹ جیل کے 88 قیدیوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت میرپور خاص جیل منتقل کیا گیا۔
جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ یہ فیصلہ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سندھ کی ہدایات پر کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ میں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 383 کیسز سامنے آگئے
علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق گھوٹکی قرنطینہ مرکز سے کورونا وائرس کے 9 مشتبہ مریض فرار ہوگئے تھے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر تبلیغی جماعت کے 116 افراد کو گھوٹکی قرنطینہ مرکز میں منتقل کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ قرنطینہ مرکز سے فرار ہونے والے افراد کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔