• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ہارون نے ایک دہائی بعد اپنا گانا ’ڈھونڈوں گا‘ ریلیز کردیا

شائع April 25, 2020
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور گلوکار ہارون راشد نے تقریباً ایک دہائی بعد اپنا سولو گانا ریلیز کرنے کے ساتھ میوزک انڈسٹری میں واپسی کی۔

گلوکار نے اپنا گانا ’ڈھونڈوں گا‘ سوشل میڈیا پر ریلیز کیا، جس کی ویڈیو فیس بک پر لاکھوں بار دیکھی جاچکی ہے۔

اس گانے کے بول صابر ظفر نے تحریر کیے، جبکہ ویڈیو کی ہدایات عزیر ظہیر خان نے دی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ہارون راشد کا کہنا تھا کہ ’میں نے جیسے ہی یہ گانا ریلیز کیا، مجھے بےحد شاندار ردعمل موصول ہوا، میں نے ایسا سوچا نہیں تھا، میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘۔

ہارون راشد نے اپنے گانے کے حوالے سے بتایا کہ ’ڈھونڈوں گا گانے کو میں کئی سالوں قبل کمپوز کرچکا تھا، البتہ اس کی ویڈیو تیار کرنے میں کچھ وقت لگا، گرین اسکرین کے آگے یہ ویڈیو تیار کی گئی، پاکستان میں پہلی بار ایسی میوزک ویڈیو کسی نے بنائی ہوگی‘۔

اتنے سالوں تک میوزک انڈسٹری سے دور رہنے کے حوالے سے ہارون نے بتایا کہ ’میں اپنے برقعہ ایونجر پروجیکٹ میں اتنا مصروف رہا، ہر سال سوچتا تھا کہ اسے لانچ کردوں، تاہم لانچ نہیں کرسکا اور آخر میں میں اس کے بارے میں بھول ہی گیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں گھر میں بیٹھا تو میرے بھائی نے مجھے یہ گانا یاد دلایا اور کہا کہ میں مداحوں کے لیے اسے اب ریلیز کیوں نا کردوں؟ تب میں نے سوچا کہ واقعی لوگ گھروں میں ہیں، کوئی بیزار ہے، کوئی پریشان ہے، تو یہ اچھا وقت ہے اس گانے کو لانچ کرنے کا اس سے یقیناً مداح محظوظ ہوسکیں گے‘۔

یوٹیوب پر اس گانے کی ویڈیو کو اب تک 3 لاکھ 55 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ ہاروں رواں سال پاکستان سپر لیگ کے لیے بنائے گانے ’تیار ہو‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024