• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اے ڈی بی کورونا سے ہونے والے مالی خسارے کیلئے پاکستان کو 1.7 ارب ڈالر قرض دے گا

شائع April 25, 2020
اے ڈی بی کی جانب سے بجٹ سپورٹ کے لیے 80 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
اے ڈی بی کی جانب سے بجٹ سپورٹ کے لیے 80 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے ہونے والے مالی نقصانات کو برداشت کرنے کے لیے پاکستان کو رواں برس کے اختتام تک ایک ارب 70 کروڑ ڈالر قرض دینے پر اتفاق کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت برائے اقتصادی امور نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا وائرس کے ردعمل میں تعاون کے لیے پاکستان کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک بجٹ سپورٹ کے لیے 80 کروڑ ڈالر دے گا جو رواں برس جون میں منظور ہوگے جبکہ دسمبر تک باقی 90 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کا ترقی پذیر ممالک کیلئے 20 ارب ڈالر کے پیکج کا اعلان

اس حوالے سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک خصوصی رعایتی شرح پر بجٹ تعاون کو توسیع دے گا، یہ فیصلہ وزیر برائے اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماساسوگو اساکاوا کی ملاقات کے بعد کیا گیا تھا۔

مزید برآں ایک علیحدہ بیان میں اے ڈی بی نے کہا کہ وزیر اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے نوول کورونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلق حکومتی ردعمل کے لیے تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا لیکن قرض پروگرامز کی تصدیق نہیں کی تھی۔

ایک اور عہدیدار نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا باضابطہ اعلان بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔

ادھر اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اس عالمی وبا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد، ملک میں غریب ترین طبقے پر اس کے اثرات میں کمی اور معیشت کو تحفظ دینے کے عزم پر قائم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جانی اور مالی نقصان ہوا اور اس سے سنگین معاشی اور صحت کے خطرات لاحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معاشی ترقی میں کمی کی پیشگوئی

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ذاتی تحفظ کے سامان (پی پی ایز) اور دیگر طبی سامان کی خریداری کے لیے پاکستان کے لیے 25 لاکھ ڈالر گرانٹ کی منظوری دی تھی۔

علاوہ ازیں 13 اپریل کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وائرس کی وبا کے باعث معاشی نقصانات کے ازالے کے لیے 20 ارب ڈالر کا بڑا پیکج دینے کا اعلان کیا تھا اور یہ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر اسی پروگرام کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث عالمی معیشت کو 4 ہزار 100 ارب ڈالر نقصان کا خدشہ ہے اور امریکا، یورپ اور دیگر بڑی معیشتیں شدید متاثر ہوں گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024