• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کورونا وائرس: ملک میں 12500سے زائد افراد متاثر، اموات 268 ہوگئیں

شائع April 26, 2020
پاکستان میں وائرس سے 248 افراد انتقال کرچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں وائرس سے 248 افراد انتقال کرچکے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے مہلک کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں اور نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 709 جبکہ اموات 268 تک پہنچ چکی ہیں۔

26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی تاہم اس کے بعد سے آج 25 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے بلکہ اسی عرصے میں تقریباً 200 اموات بھی ہوئیں۔

ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔

تاہم حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری اس جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کردی گئی ہے۔

وہی دوسری جانب ڈاکٹرز نے بھی مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کیا جائے ورنہ اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔

اگر اس وائرس سے متعلق کیسز کو دیکھیں تو آج (25 اپریل) کو بھی پاکستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی گئی۔

سندھ

ادھر سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 287 نئے کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کردی گئی

اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹ میں سے 287 کیسز مثبت آئے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 4 ہزار232 تک پہنچ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھںٹوں میں مزید 3 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد سندھ میں اموات کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔

پنجاب

پنجاب میں مزید 475 نئے کیسز اور 10 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد متاثرین کی تعداد 5326 تک پہنچ چکی ہے۔

ان مجموعی کیسز کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ 768 افراد زائرین سینٹر سے، 1922 افراد رائے ونڈ سے منسلک، 86 قیدی اور 2550 شہری اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 78 ہوگئی جبکہ 28 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ایک ہزار 96 افراد وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 52 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 5378 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 3 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں اموات 81 تک پہنچ چکی ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 9 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 223 تک جا پہنچی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 214 تھی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 85 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1793 ہوگئی ہے۔

صوبے میں وائرس سے مزید 4 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 93 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں ہفتہ کے روز مزید 13 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔

بلوچستان

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کورونا کے 65 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی ہے۔

ان کیسز کے اصافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرین کی تعداد 721 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور مزید 7 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

جس کے بعد گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا سے متاثر افراد کی تعداد 300 سے بڑھ کر 307 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

تاہم جوں جوں کیسز میں اضافہ ہورہا اسی طرح اس وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں متاثرہ مزید 228 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2527 سے بڑھ کر 2755 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ان تمام صورتحال کے بعد ملک کے مجموعی کیسز کو صوبوں اور علاقوں کے حساب سے دیکھیں تو اس وقت پنجاب سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 5378 ہے۔

اسی طرح سندھ میں کیسز کی تعداد 4232 ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 1793 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں متاثرین کی تعداد 721 ہے جبکہ اسلام آباد میں 223 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا وبا 307 افراد کو اپنا شکار بنا چکی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں سب سے کم 55 کیسز سامنے آئے ہیں۔

تاہم اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 93
  • پنجاب: 81
  • سندھ: 78
  • بلوچستان: 10
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 222 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024