پاکستان کو کورونا وائرس سے متعلق کوئی امداد نہیں ملی، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق پاکستان کو کوئی امداد نہیں ملی اور وبا کب ختم ہوگی اس بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
اسلام آباد میں سوشل میڈیا یکٹیویسٹس سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے وبا کے تناظر میں مالی امداد سے متعلق باتوں کی تردید کی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کچھ کاروبار کھل گئے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تاحال کوئی مالی امداد نہیں ملی۔
وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متعلق امور کا جائزہ لینے اور وبا کی روک تھام کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) اور دیگر ایجنسیوں سے اس معاملے پر مشاورتی اجلاس جاری ہے۔
اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے مختصر تفصیل بتائی کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے مریضوں اور ان کے مقامات کی نشاندہی ہوسکے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت، آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکج کو ’منجمد‘ کرنے پر متفق
انہوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی سے متعلق بتایا کہ بتدریج لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں تاہم ابھی کچھ مزید وقت درکار ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کو پوری دنیا کے لیے ایک بڑا امتحان قرار دیا، انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل خطوں کے اعتبار سے مختلف ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں کورونا کے مسائل مختلف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر رک گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کی تعمیراتی شعبے کے لیے حکومت کے پیکج کی حمایت
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو مالی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک میں سب سے پہلے سوشل میڈیا استعمال کرنے والی جماعت ہے، کوئی کتنا بھی جھوٹ بولیں، آخر کار عوام سچ ڈھونڈ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی ایجوکیشن سسٹم سے ان علاقوں میں تعلیم پہنچی جہاں کوئی نظام نہیں تھا۔
واضح رہے کہ ملک میں پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
ملک میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار 513 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک 242 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔
مزیدپڑھیں: نئے نوول کورونا وائرس کے 50 فیصد مریض اس سے بے خبر رہتے ہیں
دوسری جانب وفاقی حکومت نے ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کردی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے گزشتہ روز حکومت پر تنقید کی تھی کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کر کے وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ہے۔