• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خدایا یہ وقت کسی کا مذاق اڑانے یا جذبات سے کھیلنے کا نہیں، میرا

شائع April 23, 2020
اداکارہ میرا، فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ میرا، فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی ڈراما کوئین سمجھی جانے والی اداکارہ میرا نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکا میں پھنس گئی ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپس لانے کی اپیل کی تھی۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کردیا گیا تھا جبکہ کئی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ میرا امریکا میں اپنے سسرال میں خیریت سے موجود ہیں اور انہوں نے صرف ڈراما کرنے کے لیے یہ ویڈیو بنائی۔

مزید پڑھیں: واپس لایا جائے، میں غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی، میرا کی وزیراعظم سے اپیل

اور اب میرا نے ایک اور ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے الزام لگانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ واضح کیا کہ وہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں میرا کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے وطن واپس لانے کی جو درخواست کی وہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے میرا بنیادی حق ہے، کچھ لوگوں نے ایسے برے وقت پر اسے ایک نیا رنگ دینے کی کوشش کی جو قطعاً مناسب نہیں‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اداکارہ نے واضح کیا کہ ’نیویارک میں پاکستانی قونصل خانہ میرے ٹھکانے سے آگاہ ہے، اور ان کے تعاون پر میں قونصل جنرل عائشہ علی کی مشکور ہوں‘۔

میرا نے مزید کہا کہ ’خدایا یہ وقت کسی کا مذاق اڑانے یا جذبات سے کھیلنے کا نہیں، کل بھی نیویارک میں 500 سے زائد افراد کو کورونا وائرس نگل گیا جس سے میں شدید خوفزدہ ہوں‘۔

انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کے وطن واپس آنے کی دعا کریں تاکہ وہ بھی امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں۔

خیال رہے کہ میرا نے چند روز قبل شیئر کردہ اپنی ویڈیو میں وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کی تھی کہ انہیں وطن واپس لایا جائے کیوں کہ وہ کسی غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

میرا نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا تھا کہ ’میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں قید ہوں، میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے یہاں آئی تھی، وہ سب واپس وطن جاچکے ہیں اور میں یہاں پھنس گئی ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس ایک وائرس ہے، اداکارہ میرا

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میرے پاس کوئی سیونگ نہیں اور میرا یہاں رہنا مشکل ہوچکا ہے‘۔

کورونا وائرس کے حوالے سے بات کی جائے تو اس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 47 ہزار 992 افراد دم توڑ چکے ہیں جبکہ 8 لاکھ 55 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور لوگوں کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 84 ہزار 643 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024