• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

صوبے میں کورونا وائرس سے کراچی کے 3 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے، مراد علی شاہ

شائع April 23, 2020
صوبے میں مزید 298  کیسز مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی کیسز کی تعداد 3671 ہوگئی — اسکرین شاٹ
صوبے میں مزید 298 کیسز مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی کیسز کی تعداد 3671 ہوگئی — اسکرین شاٹ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے صوبے کے دارالحکومت کراچی کے 3 اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کل تک ہم نے صوبے میں 30 ہزار 3 سو 46 ٹیسٹ کیے تھے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 6 سو 82 ٹیسٹ کیے جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی تعداد 33 ہزار 28 ٹیسٹ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا کے مزید 2 سو 98 کیسز مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی کیسز کی تعداد 3 ہزار 671 ہوگئی ہے۔

مزید پڑھیں: گنجان علاقوں میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ

اپنے پیغام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس سے اب تک 730 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جو مجموعی کیسز کا 20 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سامنے آنے والے 298 کیسز میں سے 10 تبلیغی جماعت کے جبکہ 288 دیگر ہیں جو صوبے میں کیے جانے والے ٹیسٹ کی مجموعی تعداد کا 11.1 فیصد ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد کا انتقال

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید 4 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 73 ہوگئی جو کل مریضوں کا 1.98 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 9 سو 34 ہے جن میں سے ایک ہزار 8 سو 71 مریض گھروں میں آئسولیٹ ہیں، 6 سو 40 آئسولیشن مراکز اور 4 سو23 مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے 5 ہزار ایک سو 2 لوگوں کا ٹیسٹ کیا ہے جن میں سے 7 سو 64 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ 4 ہزار 3 سو 21 کے نتائج منفی ہیں اور دیگر 17 کے نتائج آنا باقی ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 3 اضلاع کراچی کے ہیں، جن میں ضلع جنوبی میں مجموعی طور پر 6 سو 46 کیسز ہیں ان میں سے 67 کیسز 24 گھنٹوں میں سامنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے نمبر پر ضلع شرقی میں 4 سو 91 کیسز ہیں جن میں سے 25 کیسز گزشتہ 24 گھنٹے میں سامنے آئے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثرہ ضلع وسطی ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 4 سو 36 ہے ان میں سے 29 گزشتہ 24 گھنٹے میں سامنے آئے۔

بیرون ملک سے واپس آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ

ان کا کہنا تھا کہ 17 اپریل کو بیرون ملک سے واپس آنے والے افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا اور سب کے نتائج منفی آئے تھے، جس کے بعد جکارتا سے آنے والی پرواز کے 2 سو 21 مسافروں کا ٹیسٹ کیا گیا جس میں سے 36 کے نتائج مثبت آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 19 اپریل کو انگولا سے 2 چارٹر فلائٹس آئی تھیں جن سے واپس آنے والے تمام 30 مسافروں کے ٹیسٹ منفی آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 10 ہزار 927، اموات 230 ہوگئیں

مراد علی شاہ نے کہا کہ 20 اور 21 اپریل کو دبئی سے 2 پروازیں آئی تھیں جن میں مجموعی طور پر 5 سو 10 مسافروں میں سے 22 کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جکارتا سے آنے والے ان 36 اور دبئی سے آنے والے 22 افراد ایکسپو سینٹر میں زیرِ علاج ہیں۔

پاکستان کی سب سے بڑی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری کا قیام

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈبائیولوجیکل ریسرچ میں پاکستان کی سب سے بڑی بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری قائم کردی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ لیبارٹری آج سے فعال ہوگئی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر 8 سو ٹیسٹ کرے گی اور 3 ہفتوں بعد لیب کی صلاحیت بڑھ کر 2 ہزار 4 سو ہوجائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ کووڈ- 19 کی آزمائش پر قابو پانے کے لیے سماجی دوری اختیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ آنے والا ہے گھروں میں بیٹھ کر عبادات کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس آزمائش سے جلد نکالے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024