• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی، ساتھیوں کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

شائع April 23, 2020
سعد ایدھی اپنے دادا عبدالستار ایدھی کی قبر پر پھول ڈالتے ہوئے—تصویر: فیس بک
سعد ایدھی اپنے دادا عبدالستار ایدھی کی قبر پر پھول ڈالتے ہوئے—تصویر: فیس بک

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی، ایک رضاکار اور فاؤنڈیشن کے 2 ملازمین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

اس حوالے سے سعد ایدھی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں تمام قریبی رشتہ داروں اور ساتھیوں کا ٹیسٹ کروانے کی تجویز دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل وائرس سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے کے شبے میں ان کا اور دیگر 3 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا لیکن کسی میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔

سعد ایدھی نے بتایا کہ ان کے والد فیصل ایدھی کی صورتحال بہتر ہے اور کچھ روز میں ان کا ایک اور ٹیسٹ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا وائرس کی تشخیص

خیال رہے کہ 2 روز قبل ملک کی مشہور فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ اور عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

فیصل ایدھی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں بخار اور سر درد کی شکایت تھی اور 3 روز تک یہ علامات رہیں جس پر انہوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔

سعد ایدھی کے مطابق ان کے والد اسلام آباد میں تھے اور ان کی صحت بہتر ہے تاہم وہ کسی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے بلکہ سیلف آئیسولیشن اختیار کرلی تھی۔

یاد رہے کہ فیصل ایدھی نے ٹیسٹ مثبت آنے سے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے انہیں کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا

بعدازاں وزیراعظم عمران خان کے معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کی تجویز پر وزیراعٖظم کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کا نتیجہ گزشتہ روز منفی آیا۔

ملک میں حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اب تک پاکستان میں کورونا وائرس سے 10 ہزار 500 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 222 ہے البتہ اس وائرس سے 2 ہزار 337 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024