• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

عالمی یوم ارض پر گوگل کا دلچسپ گیم ڈوڈل

شائع April 22, 2020
فوٹو: گوگل اسکرین شاٹ
فوٹو: گوگل اسکرین شاٹ

22 اپریل کو عالمی یوم ارض (Earth Day) کے موقع پر گوگل نے اپنا نیا ڈوڈل جاری کردیا جس میں شہد کی مکھیوں کی اہمیت بیان کی گئی۔

زمین کا دن منانے کے 50 برس مکمل ہونے پر گوگل نے زمین کے سب سے اہم جاندار شہد کی مکھی کے بارے میں بتایا جو اس وقت کئی خطرات کا شکار ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ ہم جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس کا ایک بڑا حصہ ہمیں ان مکھیوں کی بدولت حاصل ہوتا ہے۔

اور ماہرین کا ماننا ہے کہ شہد کی مکھیاں اس دنیا میں نہ رہیں تو انسان بھی اس دنیا میں بچ نہیں سکیں گے۔

شہد کی مکھیوں سے ہمیں شہد حاصل ہوتا ہے جو غذائی اشیا کے ساتھ کئی ادویات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

گوگل کے اس ڈوڈل میں پولی نیشن کا عمل دکھایا گیا، صارفین جب تک چاہیں، اس کھیل کو جاری رکھ سکتے ہیں اور ہزاروں پھولوں اور درختوں کا مناظرہ کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ شہد کی مکھیاں پودوں کے پولی نیٹس (ننھے ذرات جو پودوں کی افزائش نسل کے لیے ضروری ہوتے ہیں) کو پودے کے نر اور مادہ حصوں میں منتقل کرتی ہیں، اس عمل کے باعث ہی پودوں کی افزائش ہوتی ہے اور وہ بڑھ کر پھول اور پھر پھل یا سبزی بنتے ہیں، اس عمل کو پولی نیشن کہا جاتا ہے۔

یہ عمل اس وقت انجام پاتا ہے جب شہد کی مکھیاں رس چوسنے کے لیے پھولوں پر آتی ہیں۔

تاہم دنیا بھر میں بڑھتی فضائی آلودگی انسانوں کے ساتھ ساتھ ان شہد کی مکھیوں کے لیے بھی بہت زیادہ خطرناک ثابت ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں زمین کا عالمی دن 22 جنوری کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو عالمی سطح پر منانے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کی توجہ کرہ ارض کی حفاظت اور ماحولیاتی آلودگی سے جڑے مسائل کی جانب مبذول کروانا ہے۔

دنیا میں پہلی بار ’ارتھ ڈے‘ 1970 میں منایا گیا اور ماحولیات کی بقاء کے لیے کوششوں کا آغاز کیا گیا۔

دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی فضائی، زمینی اور آبی آلودگی کے خلاف آگاہی پھیلانے کے لیے دنیا کے 193 ممالک میں باقاعدگی سے اس دن کو منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر لوگوں میں ماحول کی صفائی اور آلودگی پھیلانے سے گریز کے لیے آگاہی پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں جبکہ لوگ اپنے علاقوں میں صفائی کرکے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

سماجی فلاح کے لیے سرگرم تنظیمیں شہر میں سمندر، دریاؤں یا دیگر قدرتی مقامات پر جاکر صفائی کا کام کرتی ہیں اور زمین کو صاف ستھرا رکھنے کا عہد کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024