معروف پہلوان محمد افضل شیر کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے
پاکستان کے معروف پہلوان اور سابق اولمپیئن استاد حاجی محمد افضل شیر کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔
نامور پہلوان حاجی محمد افضل 85 سال کی عمر میں نیویارک میں کورونا وائرس کے باعث وفات پا گئے۔
مزید پڑھیں: اسکواش کے عظیم کھلاڑی اعظم خان کورونا وائرس کے سبب جاں بحق
حاجی محمد افضل 7 اپریل 1935 کو پیدا ہوئے تھے اور 1960 میں صدر پاکستان ایوب خان نے انہیں شیر پاکستان کے لقب سے نوازا تھا۔
انہوں نے 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کی تھی لیکن سیمی فائنل میں انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
حال ہی میں انہیں ایک ماہ تک طبیعت خراب ہونے پر امریکا منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ آج کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
انہوں نے سوگواروں میں چار بیٹے چھوڑے ہیں جن میں سے تین امریکا اور ایک پاکستان میں رہائش پذیر ہے۔
اولمپیئن محمد افضل نے کئی نامور پہلوانوں کو گر سکھائے اور ان کے معروف شاگردوں میں بشیر بھولابھالا، طیب رضا اعوان ٹائیگر پہلوان، عثمان مجید بلو پہلوان مرحوم شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے پہلے کرکٹر کی موت، سابق کرکٹر ظفر سرفراز جاں بحق
حاجی محمد افضل نے بلال اعوان پہلوان، حافظ اسرار پہلوان اور یاسر عباس پہلوان کو بھی پہلوانی کے گر سکھائے۔
واضح رہے کہ محمد افضل کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کرنے والے پاکستان کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔
گزشتہ ماہ اسکواش کے عظیم کھلاڑی اعظم خان کورونا وائرس کا شکار ہو کر لندن میں انتقال کر گئے تھے۔
رواں ماہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور قومی ٹیم کے سابق کرکٹرز اختر سرفراز کے بھائی ظفر سرفراز کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔