• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: 40 سال میں پہلی بار منفرد لندن فیشن شو منعقد ہوگا

شائع April 21, 2020
لندن فیشن شو کا انعقاد جون میں ہوگا—فوٹو: اے ایف پی
لندن فیشن شو کا انعقاد جون میں ہوگا—فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے جہاں سینما ہالز بند کرکے فلموں کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی ہے، وہیں فیشن ہاؤسز کو بھی بند کرکے فیشن و فلمی میلوں کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں جہاں موسیقی کے میلوں کو ملتوی کرکے آن لائن پرفارمنسز کی جا رہی ہیں، وہیں دنیا کے بڑے اور معروف فیشن شوز میں شمار ہونے والے لندن فیشن ویک کی انتظامیہ نے بھی کورونا وائرس کے پیش نظر رواں برس منفرد فیشن شو منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق برٹش فیشن کونسل نے اعلان کیا ہے کہ لندن فیشن ویک کی 40 سالہ تاریخ میں پہلی بار مذکورہ فیشن شو کو مکمل طور پر آن لائن پیش کیا جائے گا۔

برٹش فیشن کونسل کے مطابق نہ صرف لندن فیشن ویک کو مکمل طور پر آن لائن پیش کیا جائے گا بلکہ پہلی بار یہ ڈیجیٹل طور پر تیار کیا گیا فیشن شو بھی ہوگا، جس میں ریمپ پر واک کرنے سے لے کر فیشن ہاؤسز کو بھی دکھایا جائے گا۔

لندن فیشن شو کو آن لائن دکھایا جائے گا—فوٹو: برٹش فیشن کونسل انسٹاگرام
لندن فیشن شو کو آن لائن دکھایا جائے گا—فوٹو: برٹش فیشن کونسل انسٹاگرام

برٹش فیشن کونسل کا کہنا تھا کہ اس بار لندن فیشن ویک کے مرد، خواتین اور مخنث حضرات سمیت ہر طرح کے جنسی رجحانات رکھنے والے افراد کو بیک وقت آن لائن فیشن شو میں دکھایا جائے گا۔

مذکورہ فیشن ویک کا آغاز 12 جون سے ہوگا اور یہ فیشن شو لندن مینز فیشن ویک کا حصہ ہوگا، تاہم اس میں مرد و خواتین سمیت مخنث حضرات کے لیے تیار کیے گئے مختلف لباسوں کو پیش کیا جائے گا۔

برٹش فیشن کونسل کے بیان کے مطابق مذکورہ فیشن ویک کو آن لائن دکھائے جانے کے دوران تمام ماڈلز کے انٹرویوز بھی پیش کیے جائیں گے جب کہ ان کی جانب سے پیش کیے گئے لباس تیار کرنے والے ڈیزائنرز کی گفتگو سمیت دیدہ زیب لباس کی تیاری کے مراحل کو بھی دکھایا جائے گا۔

برٹش فیشن کونسل کا کہنا تھا کہ لندن فیشن ویک کی 40 سالہ تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ فیشن شو کی ریمپ پر واک کرتے ماڈلز کو صرف آن لائن دکھایا جائے گا اور انہیں سامنے دیکھنے کے لیے کوئی بھی شخص موجود نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ لندن فیشن ویک کا شمار دنیا کے بڑے فیشن شوز میں ہوتا ہے، اس فیشن کو نیویارک، پیرس اور میلان فیشن شوز جیسے بڑے شوز کے ساتھ شمار کیا جاتا ہے۔

لندن فیشن شوز کی انتظامیہ مرد و خواتین سمیت مخنث افراد کے لیے الگ الگ فیشن شوز کا انعقاد کرتی ہے جب کہ باقی دیگر فیشن شوز کی انتظامیہ بھی ایساہی کرتی ہے، تاہم گزشتہ چند سال سے مذکورہ بڑے فیشن شوز کی انتظامیہ کی جانب سے مکس فیشن شوز کا انعقاد بھی کیا جاتا رہا ہے۔

آن لائن دکھائے جانے والے لندن فیشن شو کا انعقاد جون سے قبل ہونا تھا، تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے اسے جون میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ مذکورہ فیشن شو آن لائن کیا جائے گا۔

اس بار ڈیجیٹل دکھایا جانے والا مکس فیشن شو ہوگا، انتظامیہ—فوٹو: برٹش فیشن کونسل انسٹاگرام
اس بار ڈیجیٹل دکھایا جانے والا مکس فیشن شو ہوگا، انتظامیہ—فوٹو: برٹش فیشن کونسل انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024