• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک باعث تشویش ہے، دفتر خارجہ

شائع April 21, 2020
دفتر خارجہ نے بھارت کے بیانات کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
دفتر خارجہ نے بھارت کے بیانات کو غیر ذمے دارانہ قرار دیا ہے— فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

پاکستان نے بھارت کے غیر ذمے دارانہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں اقلیتوں سے ناروا سلوک پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ عالمی برادری کے لیے بھی باعث تشویش ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان کے غیر ذمہ دارانہ اور ناجائز باتوں کو مسترد کرتے ہیں جو وہاں میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کے حوالے سے منفی بھارتی رویے کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید پڑھیں: 'وائرس کے خلاف ناکام پالیسی سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی حکومت مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے'

ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک نہ صرف وہاں کی اقلیتوں اور پڑوسی ممالک بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی شدید تشویش کا باعث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انتہائی تشویش ہے کہ آر ایس ایس سے متاثرہ بی جے پی حکومت کی امتیازی اور مسلم مخالف پالیسیاں اور عمل بدستور برقرار ہیں یہاں تک کہ کووڈ 19 کے وبائی امراض کے پھیلاؤ کے باوجود مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لیے منظم مہم ابھی بھی جاری ہے جس سے ان پر مزید تشدد کا اندیشہ ہے۔

ان واقعات کو بھارتی اور بین الاقوامی میڈیا میں بڑے پیمانے پر کور کیا گیا اور دنیا بھر کے باضمیر لوگ اس کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 1553 نئے کیسز

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنی اقلیتوں اور سول سوسائٹی، پڑوسی ممالک اور عالمی برادری کے مطالبات پر توجہ دے اور اپنے ملک میں اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات اٹھائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وائرس کے خلاف ناکام پالیسی سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی حکومت مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت کورونا وائرس کے خلاف ناقص پالیسی اپنانے پر عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے منظم انداز میں جان بوجھ کر مسلمانوں کو وائرس کے پھیلاؤ کا ذمے دار قرار دے کر نشانہ بنا رہی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلمانوں سے امتیازی سلوک کو مسترد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارت سے وطن واپس آنے والی 2 خواتین میں کورونا وائرس کی تشخیص

بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کا بیان کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر عوام کی توجہ اس معاملے سے ہٹانے کی کوشش ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا نے کہا کہ پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ پر توجہ دینے کے بجائے پڑوسیوں پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024