• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

واپس لایا جائے، میں غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی، میرا کی وزیراعظم سے اپیل

شائع April 20, 2020
اداکارہ میرا، فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ میرا، فوٹو: انسٹاگرام

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے کئی ممالک میں جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے اور پروازوں پر لگی پابندی کے باعث اداکارہ میرا بھی نیویارک میں پھنس گئی ہیں۔

اداکارہ میرا نے اس حوالے سے اپنی ایک ویڈیو بھی جاری کردی جس میں انہوں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ انہیں وطن واپس لایا جائے کیوں کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے نیویارک میں مرنا نہیں چاہتی۔

اپنی ویڈیو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’نیویارک ایک قبرستان بنتا جارہا ہے، ہر روز ہزاروں کی تعداد میں اموات ہورہی ہیں، موت سب کو آنی ہے لیکن میں کسی غیر ملک میں مرنا نہیں چاہتی‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیر اعظم صاحب آپ نے ہمیشہ ہم فنکاروں کا ساتھ دیا ہے، دنیا بھر کے ممالک اپنے شہریوں کو وطن واپس لے جارہے ہیں، میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتی ہوں کہ میری وطن واپسی کے انتظامات کیے جائیں، میں اپنے وطن آکر مرنا چاہتی ہوں‘۔

مزید پڑھیں: دنیا میں کورونا وائرس سے اموات ایک لاکھ 66 ہزار سے متجاوز، 24 لاکھ سے زائد متاثر

میرا نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ ’میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں قید ہوں، میں ہمایوں سعید اور دیگر فنکاروں کے ہمراہ شوز کے سلسلے میں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے یہاں آئی تھی، وہ سب واپس وطن جاچکے ہیں اور میں یہاں پھنس گئی ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے پاس کوئی سیونگ نہیں اور میرا یہاں رہنا مشکل ہوچکا ہے‘۔

رپورٹس کے مطابق میرا امریکا میں اپنی فلم ’لانگ ڈسٹنس‘ کی شوٹنگ کے لیے موجود تھیں۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل اداکارہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی تھی۔

مختصر ویڈیو میں اداکارہ نے انگریزی میں لوگوں کو انتہائی سنجیدہ لہجے میں بتایا تھا کہ دراصل کورونا وائرس ایک وائرس ہے۔

اداکارہ نے مزید بتایا تھا کہ پھر مذکورہ وائرس آگے چل کر ایک وبا بنا اور ساتھ ہی انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ کورونا وائرس دراصل چین کے بازار سے ناقص خوراک سے شروع ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس ایک وائرس ہے، اداکارہ میرا

یاد رہے کہ اداکار محب مرزا، شمعون عباسی اور صنم سعید کورونا وائرس کی وجہ سے لگے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ ماہ تھائی لینڈ میں پھنس گئے تھے جس کے بعد انہوں نے حکومت پاکستان سے وطن واپس لانے کی اپیل کی تھی جس کے بعد رواں ماہ انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس لایا گیا۔

کورونا وائرس کے حوالے سے بات کی جائے تو اس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 35 ہزار 314 افراد دم توڑ چکے ہیں جبکہ 7 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں اور لوگوں کے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک مجموعی طور پر ایک لاکھ 66 ہزار 235 افراد وائرس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024