سینیٹ اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کرنے کیلئے چیئرمین کا اسپیکر کو خط
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قومی اسمبلی ہال کو سینیٹ اجلاس کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دینے کے لیے خط لکھ دیا۔
صادق سنجرانی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ کورونا وائرس نے دنیا کے پارلیمان کے لیے چیلنجز پیدا کر دیے ہیں اور سینیٹ ہال میں سماجی فاصلے کے ذریعے اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں ہے۔
اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ سینیٹ میں ممبران کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ممکن نہیں کہ صحت کی ایڈوائزری کو مدنظر رکھتے ہوئے سینیٹ ہال میں اجلاس منعقد کیا جا سکے۔
چیئرمین سینیٹ کے مطابق1993میں قومی اسمبلی میں آتشزدگی کے وقت اسمبلی کا اجلاس چیمبر میں منعقد ہوتے تھے، آج بھی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے کہ سینیٹ اجلاس اپنے ایوان میں منعقد نہیں ہوسکتا، لہٰذا پارلیمانی روایات کو دیکھتے ہوئے سینیٹ کا اجلاس قومی اسمبلی ہال میں منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔