• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

5ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی فلائٹ آپریشن تیار

شائع April 20, 2020
خصوصی پروازوں کے ذریعے 5ہزار سے زائد پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی
خصوصی پروازوں کے ذریعے 5ہزار سے زائد پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا— فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے سول ایوی ایشن نے خصوصی فلائٹ آپریشن ترتیب دے دیا ہے جس کے تحت 20 سے 28 اپریل تک دنیا کے مختلف ممالک سے 5ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

سول ایوی ایشن کے مطابق آئندہ 9دنوں کے دوران 27 پروازوں کے ذریعے دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے 5 ہزار 250 سے زائد پاکستانی واپس وطن پہنچیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا فضائی آپریشن کی بندش میں 30 اپریل تک توسیع کا اعلان

خصوصی پروازوں کے آپریشن میں پی آئی اے کی 15 پروازوں کے علاوہ قطر ایئرلائنز کی 4 اور بحرین ایئر کی بھی ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔

سول ایوی ایشن کے مطابق اس کے علاوہ مزید سات خصوصی پروازوں کو آپریٹ کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جلد اس حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

اس سلسلے میں جنوبی افریقہ، کوریا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے چار پروازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد آئیں گی جبکہ متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا سے چار پروازیں لاہور بھی آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، سنگاپور سے 6 پروازیں کراچی، یو اے ای سے دو پروازیں پشاور اور 3 ملتان آئیں گی۔

بیرون ملک سے پاکستانیوں کو لانے والی پروازوں میں سے فیصل آباد میں یو اے ای کی 3 اور بحرین سے ایک پرواز اترے گی۔

پیر کو سات پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 620 پاکستانی شہری جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات سے وطن واپس پہنچیں گے اور 23 اپریل کو بحرین ایئرلائنز کی پرواز 250 پاکستانیوں کو واپس وطن لائے گی۔

مزید پڑھیں: سی اے اے نے بین الاقوامی پروازوں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

اس کے علاوہ 24 اپریل کو مزید 1600 پاکستانی کوریا، ملائیشیا، سنگا پور اور یو اے ای سے واپس پہنچیں گے اور 26 اپریل کو یو اے ای سے دو پروازوں کے ذریعے280 پاکستانی واپس وطن آئیں گے۔

اس آپریشن کا اختتام 28اپریل کو ہو گا اور اس دن آسٹریلیا سمیت یو اے ای سے 6 پروازوں پر 1500 پاکستانی واپس وطن آئیں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس ہفتے 6 ہزار مسافر لائیں گے جن میں سب سے زیادہ مزدور طبقہ اور متحدہ عرب امارات میں جن کے ویزے ختم ہوئے ہیں وہ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ایک دن میں ریکارڈ 19 اموات، مجموعی تعداد 167 ہوگئی

انہوں نے کہا تھا کہ اس ہفتے لگ بھگ 16 سے 17 پروازیں متحدہ عرب امارات سے پی آئی اے اور امارات کی پروازیں ہمارے شہریوں کو واپس لائیں گی۔

کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گزشتہ ہفتے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی اور علاقائی فضائی آپریشن کی بندش میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس میں 30 اپریل تک کی توسیع کردی تھی۔

تاہم بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو لانے والی خصوصی فلائٹس کو استثنی حاصل ہو گا اور اس سلسلے میں خصوصی ویب سائٹ بھی قائم کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: دنیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 23 لاکھ 56 ہزار سے متجاوز

بیرون ملک سے پاکستانیوں کو لانے والی تمام اسپیشل فلائٹ کا شیڈول Covid.gov.pk پر دیکھا جا سکتا ہے اور اس حوالے سے مستقل اپ ڈیٹ جاری رہے گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حکومت پاکستان نے بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 18سے 20 اپریل تک بھی خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 23 خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

khawaja Jameel Ahmed Apr 20, 2020 09:38am
ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ جو پاکستانی سعودی عرب میں پھنسے ہوئے ہیں ان کی واپسی کا بھی انتظام کریں ۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024