• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دنیا میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 23 لاکھ 56 ہزار سے متجاوز

شائع April 19, 2020
چین سے پھیلنے والی اس وبا سے یورپی خطہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں - فائل فوٹو:رائٹرز
چین سے پھیلنے والی اس وبا سے یورپی خطہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں - فائل فوٹو:رائٹرز

دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود اب تک کورونا وائرس کے کیسز میں کمی نہیں آئی اور اب تک دنیا کے 185 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 23 لاکھ 56 ہزار 475 ہو چکی ہے۔

گزشتہ سال کے اختتام پر چین سے پھیلنے والی اس وبا سے یورپی خطہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک ایک لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

تاہم یورپی ملک اسپین میں اس حوالے سے کچھ بہتری دیکھنے میں آئی ہے جہاں 22 مارچ کے بعد آج ایک روز میں سب سے کم ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 70 ہوچکی ہے۔

یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز

یورپ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد دنیا بھر کا دو تہائی تقریباً ایک لاکھ 510 ہوگئی ہیں۔

یورپ کے کئی ممالک صرف سنگین کیسز کے ٹیسٹ کر رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ تصدیق شدہ کیس کی تعداد فراہم کردہ اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔

اٹلی اور اسپین ہلاکتوں کے اعتبار سے یورپ میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہوتے ہیں جہاں بالترتیب 23 ہزار 227 اور 20 ہزار 434 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں: دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کرگئی

اس کے بعد برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 15 ہزار 464 ہے۔

برازیل لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو، ساؤ پاؤلو اور دارالحکومت براسیلیا میں گورنرز سے لاک ڈاؤن اقدامات پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے سیکڑوں ٹرک، گاڑیاں اور موٹر سائیکل سوار سڑکوں پر آگئے۔

ریاست کے ایک قانون ساز اینڈرسن مورائس نے ریو کے شہریوں کو احتجاج میں شرکت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ 'زندگیاں اہم ہیں تاہم ہم آج کوئی بھی فیصلہ کل کا سوچے بغیر نہیں لے سکتے کیونکہ کل مجھے نہیں معلوم کہ کسی بھی شخص کی حالت کیا ہوگی جب وہ اپنے بچوں کو بھوکا دیکھے گا'۔

جنوبی کوریا: کیسز کی تعداد میں 2 ماہ میں پہلی مرتبہ واضح کمی

کوریا سینٹرز فور ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے بتایا ہے کہ جنوبی کوریا میں فروری میں وبا کے عروج پر پہنچنے کے بعد پہلی مرتبہ ایک روز میں سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد مٰں واضح کمی رپورٹ ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نئے 8 میں سے 5 کیسز بیرون ملک سے آئے تھے'۔

ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 ہزار 661 ہے اور اب تک اس وائرس سے وہاں 234 ہلاکتیں بھی ہوچکی ہیں۔

چین میں 16 نئے کیسز

چین کے صحت حکام نے بتایا ہے کہ وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 16 کیسز سامنے آئے ہیں جو 17 مارچ کے بعد سے سب سے کم تعداد ہے۔

ان نئے کیسز میں سے 9 بیرون ملک سے آئے تھے اور کوئی نئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی۔

نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 82 ہزار 735 ہوگئی ہے۔

میکسیکو میں کیسز کی تعداد 7 ہزار 497 ہوگئی

میکسیکو کے ڈپٹی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک 7 ہزار 497 تصدیق شدہ کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ان میں سے 650 افراد لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔

ایک روز قبل یہ تعداد 6 ہزار 875 تھی جبکہ 546 ہلاکتیں ہوئی تھیں، جو ایک روز میں آنے والا واضح فرق ہے۔

پاناما: 1700 مہاجرین کو جنگل میں رہنے کا حکم

پاناما کے حکام نے امریکا کی جانب جانے والے 1700 مہاجرین کو جنگل کے ایک کیمپ میں رہنے کا حکم دے دیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ان تمام مہاجرین میں سے چند میں نئے کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

انہیں کولمبیا کی سرحد کے پاس قرنطینہ مرکز میں رکھا گیا ہے جو 200 افراد کو رکھنے کے لیے بنایا گیا تھا۔

پاناما میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 273 ہوگئی ہے جبکہ 120 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

اسرائیل میں کیسز 13 ہزار سے متجاوز

اسرائیل میں کورونا وائرس سے مزید 7 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 171 ہوگئی ہے۔

ملک کے وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل میں 97 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 133 ہزار 362 ہوگئی جن میں سے 156 کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد تقریباً 20 لاکھ، اموات ایک لاکھ 28 ہزار سے متجاوز

اسرائیل کے نگراں وزیر اعظم بینجمن نتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل آج سے لاک ڈاؤن میں نرمی لائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے ملک میں سب سے کم ہلاکتوں کی شرح ہے'۔

روس میں ایک روز میں 6 ہزار سے زائد نئے کیسز

روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 6 ہزار 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 42 ہزار 853 ہوگئی۔

اپنے یبان میں ایمرجنسی ٹیم کا کہنا تھا کہ 43 فیصد نئے کیسز میں علامات نہیں ہیں، ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 361 ہوگئی ہے۔

امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد 39 ہزار سے متجاوز

دوسری جانب امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2009 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔

امریکا کورونا وائرس کے کیسز میں دنیا بھر میں سب سے آگے ہے جہاں اب تک 7 لاکھ 35 ہزار 336 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 39 ہزار 95 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024