• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

سندھ: موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر سخت پابندی، خواتین کا استثنیٰ ختم

شائع April 19, 2020
— فائل فوٹو / اے پی
— فائل فوٹو / اے پی

سندھ حکومت نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی بندش سے تمام استثنیٰ ختم کرتے ہوئے سخت پابندی عائد کردی۔

محکمہ داخلہ سندھ سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے استثنیٰ کے معاملے پر عملدرآمد کے مسائل اور اس اجازت کے غلط استعمال کو سامنے رکھتے ہوئے ڈبل سواری پر کسی استثنیٰ کے بغیر سخت پابندی لگائی جارہی ہے اور کسی صورت کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے محکمہ داخلہ کے 14 اپریل کے حکم اور ایس او پیز میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے جہاں صوبے میں کئی ہفتوں سے لاک ڈاؤن جاری ہے تو وہیں ڈبل سواری سمیت کئی پابندیاں بھی عائد ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤں بغیر سوچے سمجھے نہیں کیا، وزیر اعلیٰ سندھ

تاہم چند روز قبل میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے خواتین کو حاصل استثنیٰ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس استثنیٰ کا غلط استعمال کیا جارہا ہے اور پورے پورے خاندان ایک موٹر سائیکل پر جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ڈبل سواری پر کسی استثنیٰ کے بغیر پابندی عائد کردی جائے گی۔

گزشتہ روز مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ مقامی سطح پر کراچی میں کچی آبادی کے رہائشیوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد شہر میں وائرس ہاٹ اسپاٹس کو بند کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2300 سے زائد ہوچکی ہے، جن میں نصف سے زائد کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں۔

صوبے میں اب تک وائرس سے لگ بھگ 600 افراد صحتیاب جبکہ 48 جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024