• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انڈس موٹرز کے چیئرمین علی حبیب کا انتقال،صدر، وزیراعظم و دیگر کا اظہار افسوس

شائع April 18, 2020
ان کی موت کی تصدیق حبیب یونیورسٹی نے کی جہاں وہ بورڈ آف گورنرز کے ممبر تھے—فائل فوٹو: بشکریہ یوٹیوب
ان کی موت کی تصدیق حبیب یونیورسٹی نے کی جہاں وہ بورڈ آف گورنرز کے ممبر تھے—فائل فوٹو: بشکریہ یوٹیوب

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف شخصیات نے بزنس ٹائیکون اور انڈس موٹرز کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی) کے چیئرمین علی سلیمان حبیب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ علی سلیمان حبیب 64 سال کی عمر میں گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے تھے، ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ سامنے نہیں آئی تھی تاہم بعد ازاں بتایا گیا تھا کہ وہ لبلبے کے انفیکشن کا شکار تھے۔

علی سلیمان حبیب کی موت کی تصدیق حبیب یونیورسٹی نے کی جہاں وہ بورڈ آف گورنرز کے رکن بھی تھے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے 7476 افراد متاثر، 1765 صحتیاب

حبیب یونیورسٹی کے مطابق ممتاز تاجر 15 ہزار سے زائد ملازمین اور ہاؤس آف حبیب کے امور کی نگرانی کرتے تھے اور اس گروپ میں 4 کمپنیاں رجسٹرڈ تھیں۔

علی سلیمان حبیب ینگ پریذیڈنٹس آرگنائزیشن، پاکستان چیپٹر کے بانی چیئرمین اور پاکستان بزنس کونسل کے سابق چیئرمین تھے۔

انہوں نے شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز اور تھل لمیٹڈ، شبیر ٹائلس اینڈ سیرامکس لمیٹڈ، حبیب میٹرو پولیٹن بینک لمیٹڈ اور میٹرو حبیب کیش اینڈ کیری پاکستان (پرائیوٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف گورنرز کے ممبر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

مزیدپڑھیں: وزیراعظم کی ذخیرہ اندوزوں، اسمگلروں کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

آئی ایم سی کی ویب سائٹ کے مطابق وہ منیسوٹا یونیورسٹی سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجویٹ تھے اور ہاورڈ یونیورسٹی میں پی ایم ڈی پروگرام میں بھی شریک ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ آئی ایم سی اور جاپان کی ٹویوٹا سوشو کارپوریشن مشترکہ طورپر پاکستان میں ٹویوٹا برانڈ کی گاڑیاں تیار اور اس کی مارکیٹ کرتے ہیں۔

تعزیتی پیغامات

دوسری جانب معروف بزنس مین کے انتقال پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں علی سلیمان حبیب کے لیے دعائے مغفرت کی۔

ادھر وزیر اعظم عمران خان نے علی سلیمان حبیب کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’اچھا دوست‘ اور ’قابل اعتبار بزنس مین‘ قرار دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے بورڈ کے رکن اور وزارتِ تجارت میں اعزازی طور پر ہماری حکومت کا ہاتھ بٹا رہے تھے‘۔

علاوہ ازیں دیگر سیاست دانوں اور تاجر برادری کے اراکین نے بھی علی سلیمان حبیب کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے معروف کاروباری شخصیت اور صنعتکار علی حبیب کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا۔

دریں اثنا سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ٹوئٹ میں لکھا کہ علی سلیمان حبیب کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا، وہ ایک اچھے دوست، بہت اچھے آدمی اور کامیاب صنعت کار تھے، انہوں نے جلد ہی ہم سب کو چھوڑ دیا۔

سابق وزیر داخلہ اور منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ علی حبیب کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ ایک اچھے دوست اور بہت محب وطن صنعتکار تھے جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں بے پناہ تعاون کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024