• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

کراچی کے متاثرہ علاقوں کو مکمل بند کیا جا سکتا ہے، مراد علی شاہ

شائع April 17, 2020 اپ ڈیٹ April 18, 2020
—فائل/فوٹو:ڈان نیوز
—فائل/فوٹو:ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو مکمل طور پر بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں رپورٹ ہونے والے اکثر کیسز کچی آبادیوں سے ہیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ نے کہا ہے 'پچھلے 24 گھنٹوں میں جو نئے کیسز آئے ہیں ان میں تبلیغی جماعت کے علاوہ سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 77 ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ضلع جنوبی میں مجموعی طور پر 30 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 24 ایسے علاقوں کے ہیں جو زیادہ پسماندہ ہیں'۔

مزید پڑھیں:جلد لاک ڈاؤن کرتے تو کئی جانیں بچا سکتے تھے، وزیر اعلیٰ سندھ

مراد علی شاہ نے کہا کہ 'ضلع غربی میں 8 کیسز آئے ہیں، وہ بھی ناردرن بائی پاس میں کچی بستی، افغان بستی اور بلدیہ کے علاقے میں آئے ہیں'۔

کراچی میں سامنے آنے والے نئے کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'کورنگی میں 6، ضلع شرقی میں 16 کیسز اور ملیر میں 6 کیسز سمیت کراچی میں مجموعی طور پر 77 کیسز سامنے آئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کراچی سے باہر سوائے تبلیغی جماعت کے لوگوں کے جو پچھلے 24 گھنٹوں میں ٹیسٹ کیے گئے کوئی کیس سامنے نہیں آیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اب تک ہلاکتوں کی تعداد 47 ہوگئی جو 2 اعشاریہ ایک فیصد ہے اور ایک ہزار 589 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 872 افراد گھروں میں آئسولیشن میں ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ '469 آئسولیشن مراکز اور 248 ہسپتالوں میں موجود ہیں'۔

تبلیغی جماعت کے اراکین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 4 ہزار 692 میں سے 4 ہزار 653 اراکین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے نتائج کے مطابق 429 میں مثبت آیا ہے جبکہ 91 کا انتظار ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس سے 7392 افراد متاثر، 1765 صحتیاب

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے جن اراکین میں وائرس مثبت آیا ہے ان کوآئسولیشن میں رکھا گیا ہے اس لیے پھیلنے کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

کراچی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'جہاں سے کیسز زیادہ رپورٹ ہو رہے ہیں ان علاقوں کو مکمل طور پر بند کیا جاسکتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں وائرس کے پھیلاؤ سے پریشان ہوں، آپس میں مکمل فاصلہ اور لوگوں سے آئسولیشن کیے بغیر وائرس کو محدود نہیں کرپائیں گے'۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں سے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی بہت زیادہ لیے جارہے ہیں۔

ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی پیغام دیا اور کہا کہ سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے زیادہ بیرون ملک موجود پاکستانی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024