• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسلام آباد: ’ہوٹل میں قرنطینہ کیے گئے مسافر اپنے اخراجات خود اٹھائیں گے‘

شائع April 17, 2020
نئی ایس او پی کے تحت تمام مثبت مسافروں کو 14 دن تک قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے گا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
نئی ایس او پی کے تحت تمام مثبت مسافروں کو 14 دن تک قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے گا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کی ٹرانسپورٹیشن، ان کی قرنطینہ سینٹرز میں رہائش اور کھانے پینے کی فراہمی پر لاکھوں روپے خرچ کردیے ہیں۔

اب تک جن ہوٹلوں میں قرنطینہ کے مراکز قائم کیے گئے ہیں وہ رہائش اور کھانا مہیا کررہے ہیں اور ان کے بل حکومت کی طرف سے ادا کیے جارہے تھے۔

مزیدپڑھیں: کورونا کا طبی ٹیسٹ دکھانے پر غیرملکیوں کو ملک میں داخلےکی اجازت

تاہم اب جاری ایک نئی ایس او پی کے تحت قرنطینہ کیے گئے تمام مسافر اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے اور جو کوئی اخراجات نہیں اٹھا سکتا انہیں سرکاری قرنطینہ سینٹر میں منتقل کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقت نے ڈان کو بتایا کہ ہر مسافر کے نقل و حمل، کھانے پینے اور کرایے پر 5 ہزار روپے خرچ کیے گئے ہیں اور اب تک بیرون ملک پھنسے 2 ہزار پاکستانی واپس لائے گئے ہیں۔

فی الحال بیرون ملک سے واپس آنے والے اور قرنطینہ مراکز میں رکھے جانے والے لوگوں کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے روزانہ ایک کروڑ روپے درکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل مسافروں کو 2 دن تک نگرانی پر رکھا گیا لیکن نئی ایس او پی کے مطابق انہیں ایک ہفتے کے لیے الگ کیا جا رہا ہے۔

ڈی سی نے بتایا کہ مختلف ممالک سے مزید 30 ہزار مسافر کی آمد متوقع ہے اور دبئی سے 250 افراد کو لے آنے والی ایک پرواز 18 اپریل کو پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے 7027 افراد متاثر، 1765 صحتیاب

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ نے واپس آنے والے افراد کے لیے امدادی نرخوں پر ٹرانسپورٹ، ہوٹلوں اور کھانے کا انتظام کیا۔

تاہم اب نئی ایس او پی کے تحت تمام مثبت مسافروں کو 14 دن تک قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت انتظامیہ نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے ماہرین صحت سے مشاورت کے بعد ایس او پی تیار کی جسے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے منظور کرلیا۔

ایس او پی کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے سینٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اسلام آباد اور قومی ادارہ صحت کے تعاون سے تمام بین الاقوامی مسافروں کی اسکریننگ شروع کردی۔

ہوائی اڈے سے تمام بین الاقوامی مسافروں کو ہوٹلوں/ قرنطینہ کے مراکز میں منتقل کرنے اور وہاں سے ان کے آبائی اضلاع تک منتقلی کے لیے انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے افسران کا تقرر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹیکسٹائل ماسکس، سینیٹائزر کی برآمدات کی اجازت

انتظامیہ اس سرگرمی کی نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کو نامزد کرے گی اور ریاعتی نرخوں پر گاڑیوں اور ہوٹلوں کا انتظام کرے گی۔

مسافر سفر کے چارجز اور کمرے کا کرایہ ادا کریں گے جس میں کھانا بھی شامل ہوگا، علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار قرنطینہ سینٹر کے باہر تعینات ہوں گے۔

انتظامیہ تمام قرنطینہ سینٹرز کے عملے، ریپڈ رسپانس ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کو ذاتی حفاظتی ساز وسامان (پی پی ایز) فراہم کرے گی۔

ہوائی اڈے کا محکمہ صحت تمام مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کرے گا اور مسافروں کی حفاظت اور ہموار اسکریننگ کے لیے تمام فرنٹ لائن عملہ پی پی ایز اور معیاری آلات سے آراستہ ہوگا۔

ہوائی اڈے کا عملہ تمام مسافروں کا ریکارڈ مرتب کرکے متعلقہ حکام کو فراہم کرے گا اور کسی مسافر میں وائرس کی علاماتیں ظاہر ہوئی یا اس کی تشخیص ہوئی تو اسے فوراً علیحدہ کرکے پمز ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔


یہ خبر 17 اپریل 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024