• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

نائجیریا: کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 18 افراد ہلاک

شائع April 17, 2020
نائجیریا میں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے — فوٹو: رائٹرز
نائجیریا میں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے — فوٹو: رائٹرز

افریقی ملک نائجیریا کی سیکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کرانے کے دوران 18 افراد کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق ملک کی انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تعداد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہونے والوں سے بھی زیادہ ہے۔

افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ دیگر خطوں میں بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نائجیریا میں کورونا وائرس سے اب تک 407 افراد متاثر اور 12 ہلاک ہوئے ہیں۔

لاک ڈاؤن اور پابندیوں پر عملدرآمد کے لیے پولیس اور آرمی سمیت سیکیورٹی فورسز تعینات کی گئی ہیں جس کے باعث ملک کی چند ریاستوں میں خونریز تصادم اور جھڑپیں بھی سامنے آئی ہیں۔

ملک میں انسانی حقوق کے قومی کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا اور 36 ریاستوں میں سے 24 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کی 105 شکایات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 20 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کرگئی

کمیشن نے کہا کہ ان شکایات میں سے ماورائے عدالت قتل کے 8 دستاویزی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں 18 افراد ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس سے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 11 اموات ہوئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کے دوران ماورائے عدالت 18 افراد کو ہلاک کیا۔

کمیشن نے سیکیورٹی اہلکاروں پر طاقت کا بے جا اور نامناسب استعمال، اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور ملکی و غیر ملکی قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے۔

نائجیریا کی قومی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمیشن کے الزامات کی نوعیت عمومی ہے، اسے چاہیے تھا کہ پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والوں کی تعداد خصوصی طور پر واضح کرتا۔

انہوں نے کہا کہ 'کمیشن کو چاہیے تھا کہ وہ پولیس کے ہاتھوں ہلاک افراد کی تفصیلات بتاتا جس سے ہمیں مناسب اقدامات کرنے میں مدد ملتی۔'

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: افریقہ میں 2 کروڑ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باوجود اب تک کورونا کے کیسز میں کمی نہیں دیکھی جا رہی اور اب تک دنیا کے 185 ممالک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 20 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔

چین سے پھیلنے والی اس وبا سے یورپی خطہ بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 90 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024