مساجد کیلئے ہفتہ تک ایس او پیز بنا لیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جس طرح کاروبار اور اداروں کے لیے ایس او پیز بنائی ہیں اسی طرح ہفتہ کو مساجد کے لیے بھی ایس او پیز کو حتمی شکل دیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے علما کے وفد نے ملاقات کی۔
علما کے وفد میں مفتی منیب الرحمٰن، مفتی عابد مبارک، مفتی رفیع رحمٰن، مفتی عابد سعید اور جماعت اسلامی کے عبدالوحید شامل تھے۔
ملاقات میں صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر شاہ بھی شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ کی درخواست پر علما نے ان سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر مراد علی شاہ نے جمعہ کو 12 سے 3 بجے تک صوبے میں سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مساجد پرلاک ڈاؤن کا اطلاق نہیں ہوگا، علمائے کرام
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ 'جس طرح کاروبار اور اداروں کے لیے ایس او پیز بنائی ہیں اسی طرح ہفتہ کو مساجد کے لیے بھی ایس او پیز کو حتمی شکل دیں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'صوبائی حکومت نے وزیر اعظم اور آج علمائے کرام کو بھی یقین دلایا ہے کہ جو بھی ایس او پیز بنیں گی ان پر مکمل طور پر عملدرآمد کرائیں گے اور اسی سلسلے میں جس طرح گزشتہ تین جمعے سے مساجد میں نماز کی ادائیگی ایک طریقہ کار کے مطابق ہو رہی ہے ہم امید کرتے ہیں کہ کل بھی اسی طریقے کے مطابق نماز ادا کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے پولیس کو ہدایت کردی ہے کہ مساجد میں کوئی سختی نہ کرے لیکن عوام سے یہی اپیل ہے کہ کل ہم دوبارہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک سڑکوں پر سب بند کردیں گے، مساجد کھلی رہیں گی جہاں متعین افراد نماز ادا کریں گے، باقی لوگوں سے یہی درخواست ہے کہ گھروں پر نماز ادا کریں۔'
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن نے امید ظاہر کی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ہفتہ کو علما کی ملاقات میں مساجد کے حوالے سے کوئی 'متفقہ فارمولا' بنا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ متفقہ فیصلہ ہمارے ملک، ریاست اور قوم کے لیے بہتر ہوگا۔
مزید پڑھیں: باجماعت نماز اور تراویح سے متعلق فیصلہ 18 اپریل کو ہوگا، نورالحق قادری
یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں اتحاد تنظیمات المدارس کے اجلاس کے بعد مفتی تقی عثمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمٰن نے کہا تھا کہ اب لاک ڈاؤن کا اطلاق مساجد پر نہیں ہوگا اور فاصلہ رکھنے کے طبی مشورے پر عمل کیا جائے گا، نماز جمعہ اور نماز تراویح کا باجماعت اہتمام ہوگا اور عبادات کا سلسلہ جاری و ساری ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد میں سینیٹائزر اور جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی بالخصوص رمضان المبارک کی عبادات کے حوالے سے علما اور حکومت کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہوگئے تھے۔
اسی سلسلے میں 18 اپریل کو علمائے کرام کے وفد کی صدر عارف علوی سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔