پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں سستے تندور کھولنے کا فیصلہ
پاکستان پیپلز پارٹی نے کورونا وائرس کے بحران کے سبب غریب و مزدور افراد کو ریلیف کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں سستے تندور کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں سستا تندور کھولا گیا تھا جس کے بعد اب ملک بھر میں تندور کھولے جائیں جہاں سے عوام کو سستی روٹی مل سکے گی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے کھولے جانے والے سستے تندوروں پر عوام کو سستی روٹی کے ساتھ ساتھ سالن بھی مل سکے گا۔ نیر بخاری نے کہا کہ سستے تندور سے روٹی پانچ روپے اور تندور 50روپے میں مل سکے گا۔
چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایات کے مطابق نیر بخاری نے پارٹی رہنماوں کو ملک بھر میں سستے تندور کھولنے اور وہاں روٹی اور سستا سالن فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے۔
نیر بخاری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سفید پوش لوگوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے اور لوگوں کو سستا کھانا فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں دسترخوان بھی کھولے جائیں گے۔