• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کورونا کے باعث بھارت میں پھنسے 41 پاکستانیوں کی وطن واپسی

شائع April 16, 2020
بھارت میں پھنسے ہوئے پاکستانی واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچے — فوٹو: ڈان نیوز
بھارت میں پھنسے ہوئے پاکستانی واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچے — فوٹو: ڈان نیوز

کورونا وائرس کی وبا کے باعث بھارت میں لاک ڈاؤن اور اٹاری ۔ واہگہ سرحد کی بندش کے باعث پھنسے ہوئے 41 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔

بھارت میں پھنسے ہوئے پاکستانی واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچے۔

بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق یہ پاکستانی مذہبی سیاحت، طبی علاج سمیت مختلف ویزوں پر بھارت آئے تھے اور آگرہ، دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں پھنس گئے تھے۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

بیان میں کہا گیا کہ ان پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن، بھارتی انتظامیہ اور پاکستان میں متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں تھا۔

ہائی کمیشن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور دفتر خارجہ کی رہنمائی میں بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی فوری، جلد اور محفوظ واپسی ہی پاکستانی ہائی کمشن کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی مشکلات کا احساس ہے، وزیر خارجہ

بیان میں کہا گیا کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن امید کرتا ہے کہ بھارتی انتظامیہ سے رابطہ اور کاوشوں سے جلد بقیہ 145 سے زائد پاکستانیوں کی جلد از جلد واپسی یقینی بنائی جائے گی۔

اس دوران بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی میں تاخیر اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن ان کی تمام ممکنہ امداد جاری رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے بھارت میں پھنسے ان 41 پاکستانیوں کی وطن واپسی سے متعلق بتایا تھا۔

کورونا وائرس کے باعث جہاں پاکستان اور بھارت میں لاک ڈاؤن ہے وہیں دونوں ممالک کی سرحدوں پر بھی بندش عائد کی گئی ہے۔

حکومت کی پاکستان کی جانب سے دیگر میں ممالک میں بھی پھنسے یا واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو خصوصی انتظامات اور پروازوں کے ذریعے واپس لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024