• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

موٹاپا نوجوانوں میں کووڈ 19 کی شدت بڑھا سکتا ہے، تحقیق

شائع April 16, 2020
یہ بات تحقیقی رپورٹس میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات تحقیقی رپورٹس میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

یہ تو واضح ہے کہ عمر اور دائمی امراض نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی شدت میں بہت زیادہ اضافے کا باعث بننے والے عناصر ہیں، مگر اب انکشاف ہوا ہے کہ موٹاپا بھی نوجوانوں کو شدید خطرے کا شکار بناسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں نئی تحقیقی رپورٹس میں سامنے آئی۔

محققین کے خیال میں موٹاپے کے نتیجے میں جسم میں پھیلنے والا ورم کووڈ 19 کی شدت میں نمایاں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

ان کا تو ماننا ہے کہ موٹاپا دل یا پھیپھڑوں کے امراض سے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

نیویارک یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ عنصر امریکا سے تعلق رکھنا ہے کیونکہ 40 فیصد امریکی موٹاپے کے شکار ہیں اور بلاشبہ اس سے اموات اور بیمارکی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق 60 سال سے کم عمر افراد میں کووڈ 19 کا خطرہ کم ہوتا ہے مگر اس نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ موٹاپے کے شکار ہوتے ہیں، ان کا ہسپتال پہنچنے کا امکان دوگنا زیادہ ہوتا ہے۔

معمول کے وزن کے حامل افراد کے مقابلے میں موٹاپے کے شکار لوگوں میں اس کی شدت دوگنا زیادہ ہوسکتی ہے اور اس بات کا امکان 3 گنا زیادہ ہوتا ہے کہ انہیں آئی سی یو میں داخل کرنا پڑے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق میں شامل افراد موٹاپے کے شکار ضرور تھے مگر وہ ذیابیطس یا امراض قلب کا شکار نہیں تھے مگر ان میں نیند کے دوران سانس کے مسائل، دمہ اور پھیپھڑوں کے امراض کا امکان زیادہ ہوتا ہے جو نظام تنفس کو متاثر کرنے والے عوامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹاپے کے شکار نوجوانوں کو اس نئے وائرس سے بہت زیادہ خطرہ ہے اور ان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس سے بچنے کے لیے ہاتھوں کو اکثر دھوئیں، سماجی دوری کی مشق کریں اور باہر نکلتے ہوئے فیس ماسک ضرور استعمال کریں۔

نیویارک یونیورسٹی گراس مین اسکول آف میڈیسین کی ایک الگ تحقیق میں بھی کہا گیا کہ کووڈ 19 کی شدت میں اضافے میں موٹاپے سے جسم میں ہونے والا ورم کردار ادا کرسکتا ہے۔

یہ ورم دیگر متعدد امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ ٹو، امراض قلب اور کینسر کا بھی عنصر مانا جاتا ہے۔

اس تحقیق میں کہا گیا کہ عمر اور پہلے سے امراض یقیناً کوورونا وائرس کی شدت اور موت کی پیشگوئی کے لیے اہم ہیں مگر موٹاپے کے شکار افراد میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ایک تحقیق کے نتائج جریدے جرنل کلینیکل انفیکشیز ڈیزیز اور دوسری کے medRxiv میں شائع ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024