ٓلگاتار دوسرے روز کورونا سے اموات کی تعداد 100 سے کم رہی، ایران
ایران میں لگاتار دوسرے روز نوول کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں کمی دیکھی گئی اور آج ہونے والی اموات کی تعداد 100 سے کم رہی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ-19 سے 94 اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 7 سو77 ہوگئی۔
کیانوش جہانپور نے کہا کہ مزید ایک ہزار 5 سو 12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ایران میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 76 ہزار 3 سو89 ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثر ہسپتالوں میں داخل 49 ہزار 9 سو 33 لوگ صحت یاب ہونے کے بعد گھر جاچکے ہیں۔