• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس لاک ڈاؤن: بھارتی حکومت کی متعدد کاروبار کھولنے کی اجازت

شائع April 15, 2020
بھارت میں جزوی لاک ڈاؤن 3 مئی تک جاری رہے گا—فوٹو: انڈین ایکسپریس
بھارت میں جزوی لاک ڈاؤن 3 مئی تک جاری رہے گا—فوٹو: انڈین ایکسپریس

بھارتی حکومت نے 14 اپریل کو 3 ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی مدت پوری ہونے پر اگرچہ اس کو بڑھا کر تین مئی تک کردیا تھا تاہم اب حکومت نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے متعدد کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔

بھارت میں گزشتہ ماہ 22 مارچ سے 14 اپریل تک قدرے سخت لاک ڈاؤن رہا تھا اور اس دوران تمام کاروبار بند تھے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی بند کرنے سمیت تعلیمی اداروں، مذہبی عبادت گاہوں اور سرکاری دفاتر کو بھی بند رکھا گیا تھا۔

بھارت میں صرف ضروری کام والے دفاتر، کاروبار اور اداروں کو کھلا رکھا گیا تھا تاہم ملک میں کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی کے بعد مرکزی حکومت نے 14 اپریل کو تین ہفتوں کے لاک ڈاؤن کی مدت ختم ہوتے ہی اس میں مزید توسیع کی تھی۔

اگرچہ مرکزی حکومت سے قبل ہی متعدد ریاستی حکومتوں نے بھی لاک ڈاؤن کو بڑھا دیا تھا تاہم 14 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں لاک ڈاؤن کو تین مئی تک برقرا رکھنے کا اعلان کیا تاہم انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ لاک ڈاؤن کے نئے مرحلے میں کچھ نرمیاں کی جا سکتی ہیں۔

لاک ڈاؤن میں توسیع کے اعلان کے بعد بھارتی حکومت نے 15 اپریل کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعدد کاروبار آئندہ ہفتے 20 اپریل سے کھولنے کی اجازت دے دی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستوں حکومتوں کو بھجوائے گئے نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 20 اپریل سے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے متعدد کاروبار کھولنے کی اجازت ہوگی۔

بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں مزدور مشکلات کا شکار ہیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس
بھارت میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کروڑوں مزدور مشکلات کا شکار ہیں—فوٹو: انڈین ایکسپریس

نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت میں 20 اپریل کے بعد بھی پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی و تفریحی مقامات، مذہبی عبادت گاہیں اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ساتھ ہی ریاستوں کی سرحدین بھی بند رہیں گی اور کسی کو بھی ایک سے دوسری ریاست منتقل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا کیسز 10 ہزار سے متجاوز، لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ 20 اپریل کے بعد بھی ریلوے، ایئرلائن اور عام پبلک ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بند رہے گی البتہ 20 اپریل سے گڈز ٹرانسپورٹ کو کھول دیا جائے گا۔

حکومت نے واضح کیا کہ 20 اپریل کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوجود شاپنگ سینٹر، سینما ہالز، کھیل کے میدان، کوچنگ سینٹر، سوئمنگ پول اور دیگر تفریحی مقامات بھی بند رہیں گے۔

حکومت کے مطابق 20 اپریل کے بعد اشیائے خور و نوش کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی جب کہ پھل، سبزی، دودھ و چکن فروش کی دکانیں بھی کھول دی جائیں گی جنہیں پہلے سے ہی کھلا رکھنے کی اجازت ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 20 اپریل کے بعد زراعت کے شعبے کو کھول دیا جائے گا اور کسانوں کو کام کرنے کی اجازت سمیت زراعت سے وابسہ آلات بنانے اور فروخت کرنے والے دکانوں کو بھی کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ 20 اپریل کے بعد فش و پولٹری فارمز سمیت چائے و کافی کے باغات اور کارخانوں کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی جب کہ پوسٹ آفس، ہسپتالوں، میڈیکل اسٹورز، سیکیورٹی اداروں، بجلی، گیس، پانی، انٹرنیٹ اور پیٹرول کی فراہمی والے ادارے بھی کھلے رہیں گے۔

حکومت کے مطابق کچھ صنعتوں کو بھی کھولنے کی اجازت ہوگی جب کہ تعمیراتی کام کے شعبوں میں بھی لوگوں کو کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

بھارتی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا یہ اعلان یورپ کے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن کو نرم کرنے اور پاکستان میں بھی کئی کاروباری اداروں کو کام کرنے کی اجازت دینے کے بعد سامنے آیا۔

بھارت میں 15 اپریل کی سہ پہر تک کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار تک جا پہنچی تھی جب کہ وہاں 400 کے قریب ہلاکتیں ہو چکی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024