• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بزرگوں کی حفاظت کیلئے ان سے فاصلہ رکھیں، وزیراعلیٰ سندھ کی اپیل

شائع April 14, 2020
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر اشیا موصول ہونے کے بعد کل ہم نے 1700 نمونے حاصل کیے—تصویر: اسکرین شاٹ
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر اشیا موصول ہونے کے بعد کل ہم نے 1700 نمونے حاصل کیے—تصویر: اسکرین شاٹ

وزیراعلیٰ سندھ نے مراد علی شاہ نے اپیل کی ہے کہ معمر افراد کو گھروں سے نہ نکلنے دیا جائے اور باہر نکلنے والے نوجوان گھروں میں آ کر ہاتھ دھونے اور دیگر احتیاطی اقدامات کرنے کے بعد بھی ان سے فاصلہ رکھیں کیوں کہ وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں ان کی صحت تیزی سے خراب ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں مزید 66 افراد کے کووِڈ 19 سے متاثر ہونے کے بعد صوبے میں کورونا کیسز کی تعداد ایک ہزار 518 تک پہنچ گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے بتایا کہ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے اب تک مجموعی طور پر 14 ہزار 503 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر اشیا موصول ہونے کے بعد کل ہم نے 1700 نمونے حاصل کیے تھے جس کے نتائج آج آجائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے میں 427 افراد صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں جو مجموعی کیسز کا 29 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: وزیراعظم فیصلہ کریں یہ نہ کہیں جسکی جو مرضی ہے وہ کرلے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سکھر کے آئیسولیشن سینٹر میں قرنطینہ کیے گئے ایک ہزار 388 افراد میں سے 280 کورونا سے متاثر پائے گئے تھے جس میں سے اب صرف 6 مریض باقی رہ گئے ہیں جن کا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں گھروں کو روانہ کردیا جائے گا۔

اموات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس وبا کے باعث 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد کی موت ہوئی جس کے باعث صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جو مجموعی اموات کا 2.3 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ نے مریضوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گھروں میں 671 مریضوں کو آئیسولیٹ کیا گیا ہے جبکہ آئیسولیشن سینٹرز میں 58 اور مختلف ہسپتالوں میں 327 مریض موجود ہیں یوں صوبے میں ایک ہزار 56 افراد زیر علاج ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ٹیسٹنگ کی گنجائش کو بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں زیادہ ٹیسٹ کرنے اور انہیں آئیسولیٹ کرنے کا کام کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گارمنٹ فیکٹری سیل، 2سپروائزر گرفتار

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ مختلف مقامات پر آئیسولیٹ کیے گئے تبلیغی جماعت کے اراکین کی ٹیسٹنگ کر کے منفی آنے کی صورت میں انہیں روانہ کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔

مراد علی شاہ نے عوام سے کہا کہ حکومت کسی فرد، صنعت یا ٹرانسپورٹ کے لیے جو بھی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر تشکیل دے اس پر مکمل عمل کیا جائے اس سے ہمیں بھی عملدرآمد کروانے میں آسانی ہوگی اور آپ کی زندگیاں بھی محفوظ بنائی جاسکیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے معمر افراد کے لیے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بزرگوں کو گھروں سے نہ نکلنے دیا جائے اور جو نوجوان لوگ گھروں سے باہر جاتے ہیں تو وہ ہاتھ دھونے، نہانے، کپڑے تبدیل کرنے کے علاوہ دیگر احتیاطی اقدامات اٹھانے کے باوجود بزرگوں سے 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کب تک رہے گا اس وقت کوئی نہیں بتا سکتا، وزیر اعظم

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند روز کے دوران دیکھنے میں آیا ہے کہ بزرگ افراد میں کورونا مثبت آنے کے بعد ان کی طبیعت تیزی سے خراب ہوئی اور بعدازاں ان کا انتقال ہوگیا لہٰذا ان کی حفاظت کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ان سے فاصلہ برقرار رکھیں۔

خیال رہے کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 782 ہوگئی ہے جبکہ 100 مریض جان کی بازی ہار گئے البتہ وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1378 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024