• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

کورونا وائرس: ’میں نے اپنے دو قریبی دوستوں کو کھو دیا‘

شائع April 13, 2020
دونوں نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران بات کی — فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے انسٹاگرام پر لائیو سیشن کے دوران بات کی — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نامور ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے حال ہی میں اداکار عثمان خالد بٹ کے ہمراہ انسٹاگرام پر لائیو سیشن رکھا اور اس دوران ان دونوں نے دنیا بھر میں پھیلی وبا کورونا کے حوالے سے بات کی۔

حسن شہریار یاسین نے اس دوران انکشاف کیا کہ ان کے دو قریبی دوست بھی اس وائرس کا شکار ہوئے تھے جن کا انتقال ہوگیا۔

ڈیزائنر کے مطابق یہ دونوں امریکا میں اس وائرس کا شکار ہوئے، ان میں سے ایک کا تعلق نیویارک سے تھا۔

لائیو سیشن کے دوران دونوں نے لاک ڈاؤن کے باعث لوگوں کی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات پر بھی بات کی۔

حسن شہریار یاسین کا اس دوران کہنا تھا کہ وہ افراد جنہیں روزانہ باہر جانے کی عادت ہو، یا جو ہر وقت کاموں میں مصروف رہتے ہوں ان کے لیے یہ لاک ڈاؤن کافی مشکل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے اور اس دوران کوئی بھی ڈپریشن کا شکار ہوسکتا ہے۔

حسن شہریار کے مطابق ’میں نے اس حوالے سے شہریار منور اور ماورا حسین سے بھی بات کی، دونوں ہی نے مجھے بتایا کہ وہ مداحوں کی جانب سے دیے منفی پیغامات پڑھ پڑھ کر تھک چکے ہیں کیوں کہ وہ ان پر کام نہ کرنے کا الزام لگارہے ہیں‘۔

انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ ’اس وقت ایک دوسرے کے ساتھ اچھا سلوک کریں، میں نے اپنے دو دوستوں کو اس وائرس کی وجہ سے کھو دیا، لوگ ابھی بھی اس مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے اور دوسروں کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہے ہیں‘۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے اور آج مزید کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 477 جبکہ اموات 95 ہوگئیں۔

دنیا بھر میں ساڑھے 18 لاکھ لوگوں کو متاثر اور ایک لاکھ 14 ہزار کے قریب اموات کا سبب بنے والے اس مہلک وائرس کا پاکستان میں اپریل کے ماہ سے مزید تیز ہوگیا ہے۔

یکم اپریل سے اب تک نہ صرف ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد دوگنا بڑھی بلکہ اموات میں بھی روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

پیر کو بھی ملک میں کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی اور سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

امریکا کی بات کی جائے تو وہاں اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے، جبکہ 22 ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024