• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹام ہینکس کا پہلا ٹی وی پروگرام

شائع April 12, 2020 اپ ڈیٹ April 13, 2020
ٹام ہینکس پروگرام میں پرجوش دکھائی دیے—اسکرین شاٹ
ٹام ہینکس پروگرام میں پرجوش دکھائی دیے—اسکرین شاٹ

آسکر ایوارڈ یافتہ نامور ہولی وڈ اداکار و ٹی وی میزبان ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن گزشتہ ماہ مارچ کے پہلے ہفتے میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

ہولی وڈ اداکار اور ان کی اہلیہ اداکارہ ریٹا ولسن آسٹریلوی دورے کے دوران وبا کا شکار ہوگئے تھے، جس وجہ سے انہیں کچھ دن تک ہسپتال داخل ہونا پڑا تھا۔

ٹام ہینکس نے مارچ کے آغاز میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ آسٹریلوی دورے کے دوران کورونا کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں کچھ دن تک ہسپتال میں رہنا پڑے گا۔

بعد ازاں اداکار نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ہی 17 مارچ کو بتایا تھا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اب وہ گھر میں ہی قرنطینہ ہوجائیں گے۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہوگئے ہیں یا نہیں، تاہم انہوں نے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کی وضاحت کی تھی اور بعد ازاں وہ آسٹریلیا سے امریکا منتقل ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ٹام ہینکس اور اہلیہ ہسپتال سے ڈسچارج

امریکا منتقلی کے بعد ٹام ہینکس صحت یاب ہوگئے تھے اور اب پہلی بار انہوں نے ٹی وی پر پروگرام کرتے ہوئے وبا کے شکار ہونے سے متعلق اپنے مداحوں کو بتایا۔

امریکی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ٹام ہینکس نے 11 اپریل کو اپنے معروف ٹی وی پروگرام سیٹرڈے نائٹ لائیو کی میزبانی کی اور وہ پروگرام میں انتہائی خوش دکھائی دیے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد پہلی بار ٹام ہینکس نے پروگرام کی میزبانی کی اور انہوں نے گھر سے ہی پروگرام کیا، جس میں وہ بے حد پرجوش دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر ان کے پروگرام کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں انہیں پہلے کی طرح مکمل صحت یاب دیکھا جا سکتا ہے۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورونا کی وبا کا شکار ہونا ان کے لیے اور ان کی اہلیہ کے لیے مشکل وقت تھا، تاہم مداحوں کی نیک خواہشات اور ڈاکٹرز کی محنت سے وہ اس مشکل سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کا شکار ہونے والی نامور شخصیات

انہوں نے کورونا میں شکار ہوتے وقت اپنے جسمانی حالات اور وبا کی علامات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ان میں اتنی زیادہ علامات نہیں تھیں بس تھکاوٹ اور بخار محسوس ہوا تو انہوں نے چیک اپ کرایا جس کے بعد ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔

اداکار کے مطابق کورونا کی تشخیص کے بعد انہوں نے ڈاکٹرز کی ہدایات پر مکمل عمل کیا اور ہسپتال میں اچھا وقت گزارنے کے بعد انہوں نے گھر میں بھی ماہرین صحت کی ہدایات پر عمل کیا اور وہ آج بلکل صحت مند ہیں۔

خیال رہے کہ ان کی اہلیہ اداکار ریٹا ولسن بھی اب کورونا سے صحت یاب ہوچکی ہیں جب کہ دیگر اہم شوبز شخصیات کی طبعیت بھی بہتر ہے۔

ان کی طرح ہولی وڈ اداکار ادریس ایلبا اور ان کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے تھے تاہم اب ان کی بھی طبیعت بہتر ہے مگر تاحال انہوں نے معمولات زندگی شروع نہیں کیے۔

کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر کی شوبز شخصیات متاثر ہوئیں، وہیں حکومتی اعلیٰ شخصیات بھی متاثر ہوئیں ہیں، یہاں تک کہ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن بھی تاحال کورونا کی وجہ سے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بورس جانسن بھی گزشتہ ماہ ہی کورونا کا شکار ہوئے تھے اور ان کی طبیعت کافی ناساز بھی ہوگئی تھی اور انہیں آئی سی یو بھی منتقل کردیا گیا تھا، تاہم اب ان کی بھی صحت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور انہیں آئی سی یو سے نارمل وارڈ میں شفٹ کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 12 اپریل کی صبح تک دنیا بھر میں 17 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے تھے جب کہ اس سے ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 9 ہزار تک جا پہنچی تھی۔

پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور 12 اپریل کی دوپہر تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 ہزار 131 اور ہلاکتوں کی تعداد 88 تک جا پہنچی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024