کراچی: بیرون ملک سے آئی لڑکی نے 18 رشتے داروں کو کورونا وائرس سے متاثر کردیا
پاکستان میں کورونا وائرس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور کراچی میں ایک متاثرہ لڑکی سے گھر کے مزید 18 افراد متاثر ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر نے ضلع میں گلستان سوسائٹی اور اہراہیم حیدری سب ڈویژن کی چراغ کالونی میں 24 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وہاں مکمل لاک ڈاؤن کا حکم جاری کیا۔
اس حوالے سے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ گلستان سوسائٹی میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کراچی:گلشن اقبال اور صدر میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ
انہوں نے بتایا کہ ان تمام افراد کو گڈاپ میں سرکاری ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا۔
صحت حکام کا کہنا تھا کہ وائرس کا یہ پھیلاؤ برطانیہ سے آئی لڑکی کی شادی کی تقریب کے بعد دیکھا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی کے فوری بعد دلہن کی طبیعت خراب ہوئی اور اس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ساتھ ہی اس کے 18 دیگر رشتہ دار بھی وائرس سے متاثر ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا تھا کہ کراچی کے ضلع وسطی میں ایک ہی شخص نے گھر کے 7 افراد کو کورونا وائرس سے متاثر کردیا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ایک شخص گھر سے باہر گیا تھا اور اس کی وجہ سے سب کو وائرس لگ گیا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا تھا کہ ان 7 افراد میں ایک سالہ بچہ اور 6 سالہ بچی بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت سندھ، ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ دوسرا بڑا صوبہ بن چکا ہے اور یہاں اب تک 1318 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 28 اموات بھی ہوئی ہیں۔
سندھ سمیت ملک بھر میں شہروں کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر کراچی ہے اور یہاں گزشتہ روز تک کے اعداد و شمار کے مطابق 803 کیسز ریکارڈ ہوئے تھے جبکہ یہاں 25 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔
اس سے قبل 26 فروری سے 9 اپریل تک کی ایک رپورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کیسز کی تفصیل بھی بتائی گئی تھی۔
اضلاع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ کراچی شرقی میں 178، وسطی میں 141، جنوبی میں 111، غربی میں 50، ملیر میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 5 ہزار 38 افراد کورونا وائرس سے متاثر، 1026 صحتیاب
مزید یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کراچی میں کورونا کے سب سے زیادہ 127 کیسز گلشن اقبال میں رپورٹ ہوئے، اس کے بعد صدر میں 109 کیسز سامنے آئے، جس میں ڈی ایچ اے اور کلفٹن کے علاقے بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد میں 65، ملیر میں 41، جمشید ٹاؤن میں 42، نارتھ کراچی میں 30، اورنگی ٹاؤن میں 28، گلبرگ میں 22، لیاری میں 15، لیاقت آباد میں 14، شاہ فیصل میں 9، کیماڑی میں 8 اور کورنگی میں 4 کیسز کی تصدیق ہوئی
اس کے علاوہ لانڈھی اور سائٹ کے علاقوں میں 7 کیسز جبکہ بلدیہ، گڈاپ ٹاؤن میں 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ساتھ ہی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 21 فیصد کیسز میں لوگوں کی عمر 20 سے 29 سال تھی جبکہ 19 فیصد میں عمر 30 سے 39سال تھی مزید یہ کہ 70 اور اس سے زیادہ کی عمر کے افراد اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ ان کے بعد 60 سے 69 سال کی عمر کے افراد میں کیسز بڑی تعداد میں رپورٹ ہوئے۔