لاہور: اپوزیشن رہنما سعد رفیق کی حکومت کے اہم اتحادی رکن سے ملاقات
لاہور: اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا جارہا ہے جو پہلے ہی پھوٹ کا شکار ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے چوہدری پرویز الٰہی حکمراں جماعت پی ٹی آئی کی اہم اتحادی جماعت سے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیراگون ہاؤسنگ کیس: سپریم کورٹ نے خواجہ برادران کی ضمانت منظور کرلی
گزشتہ چند مہینوں سے مسلم لیگ (ن) نے گجرات کے چوہدریوں کے خلاف ایک لفظ بھی نہ بولنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے جو وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے اہم اتحادی ہیں۔
موجودہ صورتحال میں مسلم لیگ (ن) چینی کے بحران میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر خان ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) نے پرویز الٰہی کے بیٹے چوہدری مونس الٰہی کے بارے میں کچھ نہیں کہا ہے جن کا نام بھی شوگر بحران سے متعلق انکوائری رپورٹ میں سامنے آیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے سعد رفیق نے پرویز الٰہی سے ملاقات کی اور انہیں ان کے مابین قریبی اور مضبوط خاندانی تعلقات کی یاد دلاتے ہوئے پرانے تعلقات کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعد رفیق نے کہا کہ دونوں خاندانوں کے باپ دادا کے قریبی اور مضبوط تعلقات تھے اور ہمیں ان پرانے خاندانی تعلقات کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اختر مینگل کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی دھمکی
دوسری جانب ذرائع نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پر سعد رفیق نے اپنے بھائی کے ہمراہ پرویز الٰہی سے ملاقات کی جس کا مقصد پس پردہ دونوں پارٹیوں میں مضبوط تعلقات پیدا کرنا ہیں۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ یہ اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جہانگیر ترین کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ تعلقات تلخ ہوچکے ہیں۔
پرویز الہٰی نے خواجہ برادران سے کہا کہ اب وقت آگیا کہ تمام سیاسی جماعتیں سیاست کو ایک وقت کے لیے الگ کر دیں اور خوفناک وبا کورونا وائرس کے خلاف لڑیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ انسانیت چاہتی ہے کہ ہم سب سیاستدان متحد ہو کر ایک قوم کی حیثیت سے کورونا وائرس وبائی کے خلاف لڑیں۔
خواجہ برادران نے سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی صحت کے بارے میں بھی دریافت کیا اور مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: حکومت کا وفاقی وزارتوں میں ماہرین تعینات کرنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے تناظر میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خواجہ برادران نے پرویز الہٰی کی تعریف کی کہ وہ پنجاب اسمبلی کی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک فورم پر لائے اور وبائی امراض اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں۔
اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سیکریٹری محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔
یہ خبر 12 اپریل 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی