• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد اٹلی سے زیادہ ہوگئی

شائع April 12, 2020
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں 2 ہزار کا اضافہ ہوا ہے—فوٹو:رائٹرز
امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد میں 2 ہزار کا اضافہ ہوا ہے—فوٹو:رائٹرز

امریکا کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے بعد ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے بھی سرفہرست ملک بن گیا ہے جہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اٹلی سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 600 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ وبا کے مزید پھیلنے کے خطرات موجود ہیں۔

خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چین سے بڑھ گئی تھیں جس کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کا حامل ملک بن گیا تھا۔

مزید پڑھیں:امریکا: 24 گھنٹوں میں 2ہزار اموات، اجتماعی قبروں میں تدفین شروع

اٹلی اس وقت کورونا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں مجموعی طور پر 19 ہزار 468 ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے۔

یورپ کا اہم ملک اسپین تیسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا وائرس سے 16 ہزار 353 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا آبادی کے اعتبار سے اٹلی سے 5 گنا اور اسپین سے 7 گنا بڑا ملک ہے۔

امریکا میں ایک دن میں سب سے زیادہ اموات بھی ریکارڈ کی گئیں جس کی تعداد 2000 رپورٹ کی گئی ہے۔

امریکی صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ شہریوں کو گھروں کے اندر تک محدود رہنے کے احکامات کو 30 روز بعد توسیع نہ دی گئی تو ہلاکتوں کی تعداد آنے والے مہینوں میں 2 لاکھ سے تجاوز کرجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پابندیوں کا خاتمہ، 'مجھے اپنی زندگی کا سب سے اہم فیصلہ کرنا ہوگا'

رپورٹ کے مطابق امریکا میں ایسٹر کی چھٹیوں کے دوران کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت نے 50 میں سے 42 ریاستوں میں شہریوں کو گھروں سے بے جا باہر نہ نکلنے کی ہدایت دو ہفتے قبل کی تھی جس کے بعد ماہرین معاشیات کا کہنا تھا کہ مہینے کے آخر تک بے روزگاری کی شرح 2 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ کب تک کاروبار کو بند رکھا جائے گا اور سفری پابندیاں کب برقرار رہ سکتی ہیں۔

برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار کے قریب

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 917 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک دن میں ہونے والی 917 ہلاکتوں سے مجموعی تعداد 9 ہزار 875 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ہسپتالوں میں مسلسل دوسرے روز 900 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں:وائرس کے عدم پھیلاؤ کیلئے عائد پابندیاں ختم نہ کی جائیں، ڈبلیو ایچ او

برطانوی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاط برتیں۔

کورنا وائرس سے برطانیہ میں اب تک 78 ہزار 991 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ صرف 344 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ترکی میں متاثرین کی تعداد میں اضافہ

ترک حکومت نے کئی صوبوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔

ترکی میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 52 ہزار 167 تک پہنچ گئی ہے اور مزید 95 ہلاکتوں کے بعد تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی کوریا: قرنطینہ توڑنے والوں کی کلائی پر الیکٹرانک بینڈز پہنائے جائیں گے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ترکی میں 95 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے اور مجموعی تعداد ایک ہزار 101 ہوگئی ہے۔

برازیل میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی

بی بی سی کے مطابق برازیل میں بھی کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

برازیل کی وزارت صحت نے کورنا وائرس سے 19 ہزار 638 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 56 بتائی گئی۔

واضح رہے کہ کورنا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 16 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی ایک لاکھ 3 ہزار رپورٹ کی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024