• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے، چیئرمین پی سی بی

شائع April 11, 2020 اپ ڈیٹ April 12, 2020
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے— فائل فوٹو: اے پی
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے— فائل فوٹو: اے پی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے رواں سال ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے اور ایونٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

ایشیا کپ کا انعقاد رواں سال ستمبر میں شیڈول ہے اور پاکستان کو اس سال ایونٹ کی میزبانی کرنی ہے۔

مزید پڑھیں: سرفراز کو قومی ٹی 20 ٹیم سے نکال کر غلطی کی، راشد لطیف

رپورٹس کے مطابق احسان مانی نے کہا کہ ایشیا کپ کا انعقاد غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے، ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا کیونکہ اس وقت پوری دنیا کی صورتحال انتہائی غیریقینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ستمبر تک کیا صورتحال ہو گی، آپ مجھے غلط نہ سمجھیں لیکن ایونٹ کے انعقاد کا انحصار بہت سارے عوامل پر ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قیاس آرائیوں سے کچھ نہیں ہو گا، ہم صرف یہ امید کر سکتے ہیں کہ شاید ایک ماہ میں صورتحال واضح ہو جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ریٹائرمنٹ کے معاملے پر شعیب ملک اور رمیز راجا کے درمیان نوک جھوک

ادھر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سربراہ سارو گنگولی پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ پاکستان اور بھارت دونوں ہی ایشیا کپ میں شرکت کریں گے تاہم ایونٹ کے مقام کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

رواں سال ایونٹ کی میزبانی تو پاکستان کرے گا لیکن پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بھارتی ٹیم کا پاکستان آنا تقریباً ناممکن ہے اس لیے ایونٹ اگر منعقد ہوتا ہے تو ممکنہ طور پر کسی نیوٹرل مقام پر ہی ایشیا کپ منعقد ہو گا۔

گزشتہ مرتبہ ایونٹ کی میزبانی بھارت نے کرنی تھی لیکن بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا کے اجرا کے انکار کے سبب ایشیا کپ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: اظہر نے بند اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر میچز کے انعقاد کی حمایت کردی

ایشیا کپ اس سال اگر منعقد ہوتا ہے تو ٹی20 ورلڈ کپ کے پیش نظر اسے ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس، یورو کپ اور ومبلڈن سمیت دنیا بھر کے کھیلوں کے مقابلے منسوخ کیے جا چکے ہیں اور رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد بھی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں ٹی20 ورلڈ کپ کے منتظمین نے کہا تھا کہ ابھی ایونٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا اور وہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قطر نے ورلڈ کپ میزبانی کیلئے رشوت دینے کے امریکی الزامات مسترد کردیے

ٹی20 ورلڈ کپ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نک ہوکلی نے کہا تھا کہ ہم ایونٹ کے منصوبے کے عین مطابق انعقاد کے لیے پُرامید ہیں اور اسی لیے آخری وقت تک اس کی کوشش کریں گے اور جلد بازی میں کوئی بھی فیصلہ نہیں لیا جائے گا۔

ٹی20 ورلڈ کپ رواں سال 18اکتوبر سے 15نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے جس میں ویسٹ انڈیز اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024