• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری، پاک فوج کا بھرپور جواب

شائع April 11, 2020
پاک فوج کے اہلکاروں نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا—فائل فوٹو: رائٹرز
پاک فوج کے اہلکاروں نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا—فائل فوٹو: رائٹرز

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج نے جنگ بندی کے معاہدے کے خلاف ورزی کرتے ہوئے بھاری گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 6 شہری شدید زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل بابر افتخار نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی متعدد مرتبہ خلاف ورزی کی گئی۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ ڈھڈنیال، شاہ کوٹ اور شاردا سیکٹر میں بھاری گولہ باری کی اور جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے بیس والی اور چھَری گاؤں میں بھاری ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک 15 سالہ لڑکی سمیت 4 بے قصور شہری شدید زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک کشمیری شہید

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج کے اہلکاروں نے بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا اور ان فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا جہاں سے فائرنگ کی گئی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ رواں برس کے 4 ماہ کے دوران بھارتی فوج 708 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکی ہے، جس کے نتیجے میں 42 شہری زخمی جبکہ 2 شہید ہوچکے ہیں۔

بعدازاں ایک اور ٹوئٹر پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں دوبارہ بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیا اور جان بوجھ کر شہری آبادی کا نشانہ بنایا جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے مہرہ گاؤں میں 18 سالہ لڑکی سمیت 2 مزید شہری زخمی ہوئے, یوں 24 گھنٹوں کے دوران زخمی ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

خیال رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے 4 افراد زخمی

سال 2019 میں بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 59 افراد جاں بحق جبکہ 2 سو 81 زخمی ہوئے تھے۔

قبل ازیں17 مارچ کو بھارت کی طرف سے وادی نیلم میں لائن آف کنٹرول کے شاہ کوٹ سیکٹر پر بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 20 سالہ سپاہی واجد علی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024