• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کووڈ 19 سے دنیا بھر میں اموات ایک لاکھ سے متجاوز

شائع April 11, 2020
— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

دنیا بھر میں نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 سے اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ مصدقہ کیسز 16 لاکھ سے زیادہ ہیں۔

جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے ڈیٹا کے مطابق اموات کے لحاظ سے سرفہرست ملک اٹلی ہے جہاں اب تک 18 ہزار 800 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اس کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ملک امریکا ہے جہاں ہلاکتیں 18 ہزار سے زائد ہوچکی ہیں جبکہ اسپین 15 ہزار 900 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

فرانس 13 ہزار 200 کے ساتھ چوتھے اور برطانیہ 9 ہزار کے قریب ہلاکتوں کے ساتھ سرفہرست 5 ممالک میں شامل ہیں۔

اٹلی اور اسپین میں اب کورونا وائرس سے اموات کی شرح میں کمی آنا شروع ہوچکی ہے مگر امریکا اور برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔

درحقیقت فنانشنل ٹائمز کے مطابق امریکا میں تو آئندہ چند روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 37 ہزار تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ان ممالک سے ہٹ کر بھی چند مخصوص خطے اس وبا سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

جیسے شمالی اٹلی کے خطے لمبارڈی میں اب تک 10 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ اسپین کے شہر میڈرڈ میں یہ تعداد 5 ہزار 900 سے زیادہ ہے۔

چین کے صوبے ہوبے میں 3 ہزار 200 سے زائد ہلاکتیں اب تک ریکارڈ ہوچکی ہیں مگر وہاں اب حالات بہتر ہو رہے ہیں اور اسی وجہ سے 23 جنوری کو لگایا گیا لاک ڈاؤن اب ووہان شہر سے اٹھالیا گیا ہے۔

امریکی ریاست نیویارک میں بھی اب تک 7 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور وہاں کسی بھی خطے کے مقابلے میں ہلاکتوں کی تعداد کی شرح بہت زیادہ ہے۔

اس ریاست کی آبادی لگ بھگ 2 کروڑ کے قریب ہے اور وہاں بدھ کو 799 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی تھیں جو مسلسل تیسرے دن ہلاکتوں کی ریکارڈ تعداد تھی۔

نیویارک کے جزیرے ہرٹ آئی لینڈ کی تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں جہاں حفاظتی لباس پہنے افراد لاشوں کو ایک اجتماعی قبر میں دفن کر رہے ہیں۔

کیسز کے لحاظ سے امریکا سب سے اوپر ہے جہاں 4 لاکھ 89 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد اسپین ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ دوسرے جبکہ اٹلی ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اب تک 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد افراد کووڈ 19 کو شکست دینے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

کیسز کے حوالے سے جرمنی دنیا کا 5 واں بڑا ملک ہے جہاں ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی مگر حیران کن طور پر وہاں ہلاکتیں صرف 2 ہزار 600 ہیں جبکہ 52 ہزار سے زیادہ افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

ایشیا میں اموات کے لحاظ سے سب سے متاثر ایران ہوا ہے جہاں کیسز تو 68 ہزار سے کچھ زیادہ ہیں مگر اموات 4 ہزار 200 سے زائد ہیں۔

ایشیا میں سب سے زیادہ کیسز چین میں سامنے آئے جن کی تعداد 83 ہزار کے قریب ہے، جس میں سے 3340 ہلاک جبکہ 77 ہزار 700 سے زائد صحتیاب ہوگئے۔

پاکستان میں اب تک 4781 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 727 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 72 تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ اس وبا سے پہلی ہلاکت چین میں 11 جنوری کو ہوئی تھی جبکہ 20 سے 30 جنوری کے دوران یہ تعداد سو تک پہنچی۔

20 مارچ کو ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہوئی جبکہ 11 اپریل کو یہ ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

یعنی 22 دن میں ہلاکتوں کی تعداد میں 90 ہزار سے زیادہ کا اضافہ ہوا جبکہ اس دورانیے میں کیسز کی تعداد بھی 2 لاکھ سے چھلانگ لگا کر 16 لاکھ جاپہنچی۔

پاکستان میں اولین کیسز 26 فروری کو سامنے آئے تھے جبکہ 18 مارچ کو پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024