• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لاک ڈاؤن کے خاتمے پر ووہان میں شادی کے خواہشمند جوڑوں کا رش

شائع April 8, 2020
— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

نئے نوول کورونا وائرس کی وبا چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی، جہاں 76 دن تک شہریوں کو لاک ڈاؤن میں زندگی گزارنا پڑی۔

مگر اب لاک ڈاؤن ختم کرکے ایک کروڑ 10 لاکھ سے زائد شہریوں کو روزمرہ کے معمولات بحال کرنے کی اجازت دی جاچکی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ لوگ بے تابی سے اس کے منتظر تھے، خصوصاً شادی کے خواہشمند جوڑے۔

ووہان میں شادی کے درخواستوں کے آن لائن نظام (جو چینی کمپنی علی پے کے زیرتحت کام کررہا ہے) پر 300 فیصد ٹریفک بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں عارضی طور پر وہ کریش ہوگیا۔

علی پے نے اس بات کا اعلان سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی شدہ جوڑوں کو بچوں کے نام تلاش کرنے اور یہ دیکھنے کی سروس بھی فراہم کررہی ہے کہ یہ نام کتنے اور جوڑوں نے اپنے بچوں کے لیے استعمال کیا ہے۔

چینی ٹیکنالوجی سائٹ اباکوس کی رپورٹ کے مطابق ووہان میں شادی کی درخواستوں کا سلسلہ فروری اور مارچ میں معطل رہا تھا کیونکہ اس دوران ایک کروڑ سے زائد شہری گھروں تک محدود تھے۔

کمپنی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اتنے ٹریفک پر حیران رہ گئی جس کے نتیجے میں سسٹم سست ہوگیا مگر اب اس مسئلے پر قابو پالیا گیا ہے۔

جمعے کو شہری انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ شادیوں کی رجسٹریشن سروسز کو جلد کھول رہے ہیں۔

لاک ڈاؤن کو باضابطہ طور پر ختم کیا جارہا ہے مگر حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بہت زیادہ سماجی میل جول سے گریز کریں۔

چینی نیوز سائٹ سکستھ ٹونز کے مطابق شہری امور کے ادارے کے عہدیدار لی ہانگ کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں کے دوران شہر میں 95 شادیاں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 46 جوڑوں کی طلاق ہوئی۔

لاک ڈاؤن ختم ہونے پر ائیرپورٹ، ریلوے اور بس اسٹیشنز پر ہزاروں افراد کا رش دیکھنے میں آیا جو شہر سے باہر اپنے گھروں اور ملازمتوں کے لیے جارہے تھے۔

اس وبا سے ووہان اور چین بھر میں ہونے والے اقتصادی نقصانات کا تخمینہ ابھی نہیں لگایا گیا مگر یہ توقعات سے بہت زیادہ ہوسکتا ہے۔

لاکھوں افراد ملازمتوں سے محروم ہوگئے، مگر شہریوں نے سفری اجازت کو بہت بڑا ریلیف قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے نئے نوول کورونا وائرس کووِڈ 19کا پھیلاﺅ شروع ہوا تھا جو دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں پھیل گیا۔

چین کا شہر ووہان جنوری سے لاک ڈاؤن تھا، جہاں کسی کو داخلے یا نکلنے کی اجازت نہیں تھی اور صرف خصوصی اجازت نامے کے ذریعے ہی لوگ باہر نکل سکتے تھے۔

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت نے ووہان میں 16 عارضی ہسپتال بنانے سمیت ملک کے دیگر صوبوں میں بھی عارضی ہسپتال بنائے تھے جب کہ متعدد شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے سمیت لوگوں کو گھروں تک محدود کردیا تھا۔

چین نے عوامی و تفریحی مقامات کو بند کرکے دیگر ممالک سے ملنے والی اپنی زمینی سرحدیں بھی بند کردی تھیں جب کہ فضائی آپریشن کو بھی محدود کردیا تھا۔

حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے سخت اقدامات کی وجہ سے ہی مارچ 2020 کے آغاز میں چین نے کورونا وائرس پر قابو پالیا تھا اور پہلی بار مارچ کے وسط میں وبا کے مرکز ووہان سے کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد چینی حکومت نے عارضی طور پر بنائے گئے ہسپتال بھی بند کردیے تھے اور مارچ کے وسط تک ووہان سے لاک ڈاؤن کو ہٹانے کا آغاز کرتے ہوئے سینما ہالز و تفریحی مقامات کھولنا شروع کیا تھا۔

مارچ کے آخری ہفتے میں چین میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوئی تھیں اور اب وہاں جزوی طور پر تفریحی و عوامی مقامات کو کھولا جا چکا ہے جب کہ فضائی آپریشن بحال کرنے سمیت ٹرانسپورٹ کو بھی چلانے کی اجازت دی جا چکی ہے۔

چین میں اس وقت تقریبا تین ہزار کے قریب مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور چینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ چین میں پہلی بار 6 اپریل کو کورونا وائرس کی وجہ سے کوئی بھی ہلاکت نہیں ہوئی۔

چین میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی مجموعی تعداد 82 ہزار سے کچھ زیادہ تھی جن میں 78 ہزار سے زائد افراد مکمل طور پر صحت یاب جب کہ 3300 کے قریب ہلاک ہو ئے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Bilal Apr 08, 2020 10:38pm
Boht umda

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024