• KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:01pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • ISB: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • KHI: Asr 4:25pm Maghrib 6:01pm
  • LHR: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm
  • ISB: Asr 3:40pm Maghrib 5:18pm

کورونا وائرس: سندھ میں شب برأت پر قبرستانوں میں جانے پر بھی پابندی

شائع April 8, 2020
ملک بھر میں آج شب برأت عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ملک بھر میں آج شب برأت عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر شب برأت کے موقع پر ہونے والے اجتماعات کو محدود کرنے کے ساتھ ساتھ تدفین کے سوا لوگوں کے قبرستان جانے پر پابندی عائد کردی۔

اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ایک وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ 2 اپریل 2020 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں مختلف ہدایات اور ضروری اقدامات اٹھانے سے متعلق ہدایت کی گئی تھی۔

نئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اس وقت صوبے میں تمام قسم کے مذہبی اور سماجی اجتماعات، تقریبات، فنکشنز، مزارات پر ہجوم اور جیلوں میں ملاقاتیوں کے جانے پر مکمل پابندی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: تخمینے سے کم کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں ہیں، معاون خصوصی صحت

ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ صوبے میں نمازوں کے اجتماعات پر بھی پابندی ہے اور مساجد میں صرف پیش امام، مؤذن، متولی نماز جمعہ سمیت باجماعت نماز ادا کرسکتے ہیں تاہم بڑے اجتماعات پر پابندی ہے جبکہ عوام کو گھروں میں نماز ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا نوٹفیکشین
محکمہ داخلہ سندھ کا نوٹفیکشین

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تمام پابندیاں دیگر مذاہب کے مقدس مقامات پر بھی ہونے والے مذہبی اجتماعات پر لاگو ہوتی ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شب برأت، ایسٹر اور اس طرح کے دیگر مذہبی اجتماعات محدود جبکہ قبرستانوں میں تدفین کے سوا جانے پر پابندی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آج رات شب برأت مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور اس سلسلے میں خصوصی عبادات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

تاہم ملک میں کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اجتماعات پر پابندی ہے اور لوگوں کو گھروں میں عبادت کرنے کہا کہا گیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر شب برأت کے موقع پر عوام سے گھروں میں رہ کر بزرگوں اور ملک و قوم کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ شب برأت مغفرت اور رحمت کی رات ہے اور ساتھ ہی علمائے کرام سے درخواست کی کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برأت کی فضیلت پر بات کریں۔

یاد رہے کہ شب برأت کی مقدس رات میں لوگ گھروں اور مساجد میں عبادات کرنے کے ساتھ ساتھ اس رات کے فضائل کے سبب بڑی تعداد میں قبرستانوں کا رخ کرتے ہیں اور اپنے پیاروں کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شب برأت پر عوام گھروں میں رہ کر دعا کریں، وزیر اعلیٰ سندھ کی درخواست

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4 ہزار 194 افراد متاثر جبکہ 60 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ میں بدھ کو 50 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق کی گئی تھی۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ 8 اپریل کی صبح 8 بجے تک سندھ میں 10 ہزار 981 ٹیسٹ کیے جاچکے جس میں ایک ہزار 36 افراد کے نتائج مثبت آئے جبکہ 280 افراد صحتیاب ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ صوبے میں 20 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025