• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

’وزیراعظم نے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی‘

شائع April 8, 2020
وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد کرنے کی منظوری دی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: چینی اور گندم بحران کی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد سے سیاسی منظرنامے میں ہلچل کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور وفاقی کابینہ کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گنے کے کاشتکاروں کی مدد کے لیے اس شرط کے ساتھ رواں سال کے دوران زائد چینی برآمد کی اجازت دی تھی کہ ملک میں اجناس کی کمی نہیں ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ ان کی ہدایت پر حالیہ شوگر اور گندم کے بحران کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹس جاری کی گئیں جبکہ انہوں نے گنے کے کاشتکاروں کی مدد کے لیے رواں مالی سال چینی برآمد کرنے کی اجازت دی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے آٹا اور چینی بحران کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کروا دی

حکومت کا دعویٰ ہے کہ گندم اور چینی بحران کی انکوائری رپورٹ عوامی سطح پر پیش کرنا وزیراعظم کے سیاسی وابستگی سے قطع نظر قیمتیں بڑھانے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کے فیصلے کی نشاندہی کرتی ہے۔

تاہم قیمتوں میں اضافے اور اس کے بعد ہونے والے بحران کے مجرم کون ہیں اس حوالے سے ابھی بھی بہت کچھ واضح ہونا باقی ہے اور اسی کے لیے وزیر اعظم نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام چینی کی برآمد پر دی جانے والی سبسڈی کے فائدہ اٹھانے والوں کے طور پر نامزد کیا گیا تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ اصل غلطی پہلے شوگر کی برآمد کی اجازت دینا اور پھر سبسڈی دینا میں سے کس کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

معاون خصوصی کی جانب سے یہ تسلیم کیا گیا کہ وفاقی کابینہ نے چینی کی برآمد کی منظوری دی تھی، حکومت پنجاب نے چینی پر دی جانے والی سبسڈی کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی بحران کی رپورٹ میں شریف خاندان کی بدمعاشی بے نقاب ہوگئی، فردوس اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ اس سال ملک میں 20 لاکھ ٹن سے زائد چینی موجود ہے اور اسی وجہ سے شوگر ملز مالکان کاشتکاروں سے گنے کی خریداری سے گریزاں تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے زائد چینی کی برآمد کی اجازت دی، اس شرط کے ساتھ کہ مقامی ضرورت کی صورت میں چینی برآمد نہیں کی جاسکتی۔

واضح رہے کہ ملک میں چینی اور گندم کے حالیہ بحران سے متعلق دو رپورٹس منظر عام پر آئیں جس میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے اہم رکن جہانگیر ترین اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک خسرو بختیار، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مونس الٰہی اور ان کے رشتہ داروں کے نام سامنے آئے جنہوں نے چینی کی برآمد میں غیر مناسب فائدہ اٹھایا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے شوگر بحران سمیت (انکوائری کمیشن کے ممبروں) کو دھمکیاں دینے والے افراد کو متنبہ کیا کہ اگر وہ دھمکیاں دینے سے باز نہیں آتے ہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

مزید پڑھیں: چینی بحران رپورٹ: شواہد بتارہے ہیں وزیراعظم کرپٹ، نالائق ہے، شاہد خاقان عباسی

تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا وزیر اعظم نے دھمکیوں کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا تھا یا نہیں۔

ادھر اس رپورٹ کے بعد جہانگیر ترین کو پارٹی کی ٹاسک فورس کے دفتر سے ہٹادیا گیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم کے مشیر تجارت رزاق داؤد کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان سے صنعت و پیدار کے مشیر کا اضافی چارج لے لیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جہانگیر ترین ایسی کسی ٹاسک فورس کا سربراہ بننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔

کابینہ کو یہ بھی بتایا گیا کہ کورونا وائرس سے متعلق وزیراعظم ریلیف فنڈ کی 144 ارب روپے کی فراہمی آج (بدھ) سے شروع ہوگی جس کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ غریب خاندانوں کو 12 ہزار روپے کا 4 ماہ کا وظیفہ دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا کہ چینی کے بحران سے متعلق انکوائری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ شوگر کارٹیل نے خود ہی چینی کی درآمدی قیمت مقرر کی جو بین الاقوامی مارکیٹ کی قیمت سے ہمیشہ زیادہ رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اب حکومت چینی کی قیمت خود طے کرے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ میں رد و بدل، خسرو بختیار اور حماد اظہر کے قلمدان تبدیل

پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کو سبسڈی وفاقی حکومت نے نہیں بلکہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2017 میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کو 20 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز نے ایسوسی ایشن کے ایک وفد کے ساتھ وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی اور سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ حکومت سندھ نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کو 2014 سے 2018 کے دوران 20 روپے فی کلو کے حساب سے سبسڈی دی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ چینی اور گندم کے بحران سے متعلق انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ 25 اپریل کو جاری کی جائے گی جس کے بعد وزیراعظم ملوث افراد کے خلاف تعزیری کارروائی کریں گے۔

مزید برآں یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ چینی اور آٹے کی چکی کے مالکان فرانزک آڈٹ کی وجہ سے بہت پریشان ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ فرانزک تفتیش میں ان کے تمام غیرقانونی کام بے نقاب ہوجائیں گے۔

مزید پڑھیں: چینی کی برآمد، قیمت میں اضافے سے جہانگیر ترین کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا، رپورٹ

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤد نے چینی اور گندم کے بحران کے ذمہ داران کے خلاف بروقت کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے اپنی وزارت صنعت و پیداوار بھی کھو دی ہے۔

وزارت برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کو تفویض کردی گئی جو اس سے قبل وزارت اقتصادی امور کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024