• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سندھ کے نجی اسکولوں کو اپریل، مئی کی فیس میں 20 فیصد کمی کی ہدایت

شائع April 7, 2020
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے سبب تمام تعلیمی ادارے 31مئی تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے سبب تمام تعلیمی ادارے 31مئی تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

حکومت سندھ نے صوبے کے تمام نجی اسکولوں کو ماہ اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت کردی۔

سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے سبب والدین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ

اعلامیے میں کہا گیا کہ صوبے کے تمام نجی اسکولوں کو لازمی طور پر ماہ اپریل اور مئی کی ٹیوشن فیس میں 20 فیصد کمی کرنا ہو گی۔

صوبائی حکومت نے نجی اسکولوں کی جانب سے ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں والدین کی جانب سے شکایات کے لیے ایک خصوصی شکایتی سیل بھی تشکیل دے دیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اگر نجی تعلیمی اداروں نے ہدایات پر عمل کیا تو ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جاری کیے گئے اعلامیے میں متعلقہ حکام کے فون نمبرز دیے گئے ہیں،جن پر رابطہ کرکے بچوں کے والدین عدم تعاون کی صورت میں اسکول انتظامیہ کے خلاف شکایات درج کرواسکتے ہیں۔

ساتھ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نجی اسکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ بھی تنخواہوں کی عدم فراہمی کی صورت میں ان فون نمبرز پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔

۔
۔

تعلیمی اداروں کو اساتذہ سمیت تمام عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور اگر اساتذہ اور عملے کو تنخواہوں کی وصولی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا ہو تو وہ بھی شکایتی سیل سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صوبہ پنجاب کے محکمہ تعلیم نے بھی تمام نجی اسکولوں کو کورونا وائرس کے باعث حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں نجی اسکولوں کو فیسوں میں 20 فیصد کمی کی ہدایت

دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں جزوی یا مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے۔

حکومت سندھ نے گزشتہ ماہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 31 مئی تک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ چھٹیوں کو موسم گرما کی تعطیلات تصور کیا جائے۔

گزشتہ سال کے اختتام پر چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک دنیا بھر میں 76 ہزار افراد ہلاک اور 13 لاکھ 63 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیلتا جارہا ہے اور اب تک ملک بھر میں ڈاکٹرز سمیت کم از کم 55 افراد ہلاک اور 4 ہزار سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد4000 سے متجاوز، پنجاب کے کیسز 2000 سے بڑھ گئے

پاکستان میں دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت اب تک بہت کم لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں لیکن ماہرین صحت نے ان اعدادوشمار کو درست اور قابل اطمینان ماننے سے انکار کردیا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ بڑی تعداد میں نہیں ہو رہے اور جب تک روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں ٹیسٹ نہیں لیے جاتے اس وقت تک یہ کہنا درست نہیں ہو گا کہ ملک میں کورونا وائرس زیادہ تیزی سے نہیں پھیل رہا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024