• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقادر کورونا وائرس سے جاں بحق

شائع April 6, 2020 اپ ڈیٹ April 7, 2020
ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے وائرس کا شکار ہو گئے تھے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے وائرس کا شکار ہو گئے تھے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) سندھ کے سابق سربراہ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس کے سبب پیر کے روز انڈس ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر عبد القادر سومرو کورونا وائرس کا شکار مریضوں کے علاج میں مصروف تھے اور اسی دوران وہ خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے اور کئی روز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج پیر کے روز خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان:کورونا وائرس کی اسکریننگ پر مامور ڈاکٹر دم توڑ گیا

ڈاکٹر عبد القادر سومرو اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم، پاکستان اسٹیل مل ہسپتال کے چیف میڈیکل افسر اور فریدہ یعقوب ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) رہ چکے ہیں۔

ڈاکٹر عبد القادر سومرو کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نائب امرا اور سیکریٹری اطلاعات سمیت دیگر نے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کی مغفرت، لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بھی ڈاکٹر عبد القادر سومرو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مرحوم عبدالقادر سومرو نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں لگا دی اور وہ آخری دم تک بھی کورونا کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ایک مسیحا کے طور پر مصروف عمل رہے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ مرحوم نے بحیثیت اسلامی جمعیت طلبہ سندھ کے ناظم اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے صدر کے طور پر بھی متحرک و فعال کردار ادا کیا اور مثالی خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں متاثرین کی تعداد 3600 سے متجاوز، اموات 52 ہوگئیں

یاد رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے ڈاکٹر اسامہ 22 مارچ کو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئے تھے۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے ڈاکٹر اسامہ ریاض کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ریاست کے اعلیٰ ترین سرکاری اعزاز 'نشانِ کشمیر' دینے کا اعلان کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024