جب انڈر ٹیکر نے معروف ریسلر کو 'زندہ دفنا' دیا

شائع April 6, 2020 اپ ڈیٹ April 15, 2020
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار انڈر ٹیکر نے ایک ڈرامائی میچ میں معروف ریسلر اے جے اسٹائلز کو 'زندہ دفن' کردیا۔

یہ ریسل مینیا 36 کے پہلے دن کا مین ایونٹ تھا اور واقعی کمال کا مقابلہ تھا جو ریسلنگ کی جگہ کسی ہارر فلم زیادہ محسوس ہوتا تھا۔

انڈر ٹیکر پہلے ہی بریڈ آلائیو میچوں کے لیے جانے جاتے ہیں مگر اب کی بار اسے نئے انداز میں پیش کیا گیا۔

اگر آپ نے یہ مقابلہ اب تک نہیں دیکھا تو ضرور دیکھ لیں، آپ کو بالکل بھی مایوسی نہیں ہوگی کیونکہ یہ انڈرٹیکر کا کئی برس بعد پہلا بہترین مقابلہ بھی ہے اور اسے بون یارڈ میچ کا نام دیا گیا تھا، جو اس کمپنی کی تاریخ کا پہلا ایسا میچ بھی ہے۔

کسی نامعلوم ویران مقام پر ہونے والے اس میچ میں سب کچھ ہی منفرد تھا جبکہ انڈر ٹیکر اپنے معمول کے روپ کی بجائے مختلف انداز سے جلوہ گر ہوئے۔

دونوں ریسلرز کے درمیان مقابلہ شروع ہونے کے چند منٹ بعد ہی انڈرٹیکر نے اے جے اسٹائلز کو قبر میں ڈال دیا تھا مگر اس وقت اے جے کے ساتھی گیلوز اور اینڈرسن نے وہاں آگئے۔

اس سے اے جے اسٹائلز کو سنبھلنے کا موقع ملا اور انہوں نے ڈیڈمین (انڈر ٹیکر کا ایک اور نک نیم) کو قبر میں ڈال دیا اور مٹی ڈالنے کی کوشش کی، تو انڈر ٹیکر جادوئی انداز سے ان کے پیچھے سے نمودار ہوئے اور منظر دنگ کردینے والا تھا۔

اس کے بعد انڈر ٹیکر نے اپنے حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیا، گھر کی ٹین کی چھت پر انہیں پٹخا، گھر کو آگ لگائی اور اے جے اسٹائلز کو گلے لگا کر تعریف بھی کی۔

مگر پھر آخری کک مار کر اے جے اسٹائلز کو قبر میں ڈال کر 'زندہ دفنا' دیا۔

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

یہ ریسل مینیا کی تاریخ کے چند منفرد مقابلوں میں سے ایک تھا اور ایسا لگتا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں خالی ایرینا میں مقابلے کرانے سے ڈبلیو ڈبلیو ای کو کافی کچھ نیا کرنے کا موقع ملا ہے۔

اس مقابلے کے بعد ایسی افواہیں بھی سامنے آرہی ہیں کہ انڈرٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

ویسے ہر ریسل مینیا کے بعد ایسی افواہیں نئی نہیں، مگر اس بار ایک چیز الگ ہے۔

ریسلنگ نیوز کے مطابق اس میچ پر لوگوں کا مثبت ردعمل ممکنہ طور پر انڈرٹیکر کو ریٖٹائرمنٹ پر مجبور کرسکتا ہے جو کہ حالیہ برسوں میں ریسلنگ رنگ میں ناقص کارکردگی پر مایوس تھے۔

رپورٹ کے مطابق انڈر ٹیکر کی خواہش تھی کہ وہ ایک اچھے مقابلے کے بعد ریسلنگ کو الوداع کہنا چاہتے ہیں کیونکہ حالیہ برسوں میں میچز بہت برے رہے ہیں، اور اب لگتا ہے کہ ان کی خواہش پوری ہوگئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025