• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بچپن میں دی گئی ٹی بی ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کررہی ہے، تحقیق

شائع April 5, 2020 اپ ڈیٹ April 6, 2020
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

حال ہی میں تپ دق (ٹی بی) کے لیے مختلف ممالک میں استعمال ہونے والی ویکسین کو نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے خلاف استعمال کرنے کے لیے تحقیق کا آغاز ہوا۔

بیسیلس کالمیٹی گیورن (بی سی جی) نامی ویکسین نومولود اور کم عمر بچوں کو ٹی بی سے بچانے کے لیے دی جاتی ہے اور سائنسدانوں کے خیال میں یہ کووڈ 19 کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن لوگوں کو یہ ویکسین دی گئی ہے انہیں کووڈ 19 کے خلاف کسی حد تک تحفظ ملا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی شرح ان ممالک میں زیادہ ہے جہاں یہ ویکسین اب استعمال نہیں ہوتی، جیسے امریکا، اٹلی، اسپین اور فرانس۔

پاکستان، بھارت، چین اور کئی ممالک میں یہ ویکسین اب بھی عام استعمال ہوتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج medRxiv میں شائع ہوئے اور محققین کا دعویٰ تھا کہ جن ممالک میں اس ویکسین کا استعمال ہورہا ہے وہاں کووڈ 19 سے اموات کی شرح نمایاں حد تک کم ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے ممالک جہاں اس ویکسین کا استعمال تاخیر سے ہوا جیسے ایران جہاں 1984 میں اسے اپنایا گیا، وہاں بھی اموات کی شرح زیادہ ہے، جس سے اس خیال کو توقیت ملتی ہے کہ بی سی جی ایسے بزرگ افراد کو تحفظ فراہم کررہی ہے، جن کو بچپن میں یہ ویکسین استعمال کرائی گئی۔

محققین کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کے استعمال کرنے والے ممالک میں کووڈ 19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد بھی کم رہنے میں ممکنہ مدد ملی ہے۔

اس ویکسین میں ٹی بی کی ایک قسم کا زندہ اور کمزور جراثیم ہوتا ہے، جو جسم کے اندر اس بیماری کے خلاف مدافعت پیدا کرتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بی سی جی ویکسین کا بڑے پیمانے پر استعمال کووڈ 19 پھیلانے والے افراد میں کمی لاسکے گا جبکہ دیگر اقدامات کے ذریعے اس کے پھیلائو میں کمی لانا ممکن ہوجائے گا۔

محققین کا کہنا تھا کہ چین میں اس وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہاں 1966 سے 1986 کے ثقافتی انقلاب کے دوران ٹی بی کی روک تھام اور علاج کرنے والے ادارے معطل اور کمزور ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے لوگ متاثر ہوئے۔

اس ویکسین کی تاریخ بھی غیرمعمولی ہے جس کو بنانے کا خیال اس وقت سامنے آیا جب طبی ماپرین نے مشاہدہ کیا کہ دودھ دوہنے والی خواتین ٹی بی سے محفوظ رہتی ہیں۔

اس ویکسین کا نام اسے بنانے والوں ڈاکٹر البرٹ کالمیٹی اور ڈاکٹر کامیلی گیورن پر رکھا گیا جو انہوں نے 1900 کے اوائل میں ٹی بی کی ایسی قسم سے تیار کی جو مویشیوں کو متاثر کرتی ہے۔

اس ویکسین کی ایک دہائی تک جانوروں پر آزمائش کے بعد پہلی بار 1921 میں اسے انسانوں کو استعمال کرایا گیا اور دوسری جنگ عظیم کے بعد اسے دنیا بھر میں عام استعمال کیا جانے لگا۔

دیگر ویکسینز کی طرح بی سی کا بھی ایک مخصوص ہدف ہوتا ہے یعنی ٹی بی، مگر گزشتہ دہائی کے دوران ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ ویکسین دیگر مثبت اثرات بھی مرتب کرتی ہے، یعنی وائرل، نظام تنفس کے انفیکشن اور عفونت کی شدت میں کمی آتی ہے جبکہ جسمانی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔

سائنسدانوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ ترقی یافتہ ممالک میں صفائی پر اتنا زور دیا جاتا ہے کہ بچوں کا جراثیم سے تعلق کم ہوگیا، تربیت میں کمی سے مدافعتی نظام کمزور ہوا اور مرض کے خلاف مزاحمت بھی کم ہوگئی۔

اب تک آسٹریلیا، نیدرلینڈ، جرمنی اور برطانیہ میں بڑے پیمانے پر بی سی ویکسین کے کلینکل ٹرائلز شروع کرنے کا اعلان ہوچکا ہے جبکہ امریکا میں بھی ایسا سوچا جارہا ہے تاکہ طب ی عملے کو کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024