• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چینی ارب پتی شخص کا نیویارک کو وینٹی لیٹر و طبی آلات کا تحفہ

شائع April 5, 2020
چینی ارب پتی نے نیویارک کے لیے 26 لاکھ فیس ماسک بھی بھجوائے—فوٹو: سی این این
چینی ارب پتی نے نیویارک کے لیے 26 لاکھ فیس ماسک بھی بھجوائے—فوٹو: سی این این

چین کی آن لائن سپر مارکیٹ کمپنی علی بابا کے شریک بانی اور امریکا کی باسکٹ بال ٹیم نیٹس کے مالک و ارب پتی چینی شخص جوزف تسائی اور ان کی اہلیہ کلارا وو تسائی نے کورونا وائرس سے دنیا کے سب سے متاثرہ شہر نیویارک کو طبی آلات عطیہ کردیے۔

خیال رہے کہ آن لائن سپر مارکیٹ کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما نے بھی پاکستان سمیت دیگر ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے طبی آلات کی امداد دی تھی۔

نہ صرف علی بابا بلکہ چین کی صوبائی حکومتوں اور مرکزی حکومت نے بھی متعدد ممالک کی مدد کرتے ہوئے کئی ممالک کو طبی آلات بھجوائے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق علی بابا کے شریک بانی اور امریکی باسکٹ بال ٹیم کے سربراہ جوزف تسائی اور ان کی اہلیہ کلارا وو تسائی کی جانب سے بھجوائے گئے وینٹی لیٹرز، فیس ماسک اور حفاظتی چشموں سمیت دیگر سامان نیویارک شہر کی انتظامیہ نے وصول کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق ارب پتی چینی شخص کی جانب سے مذکورہ سامان 2 الگ الگ جہازوں کے ذریعے بھجوایا گیا تھا اور امداد طبی سامان کی پہلی کھیپ نیویارک شہر کی حکومت نے 2 اپریل کو جب کہ دوسری 4 اپریل کو وصول کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی ارب پتی شخص کی جانب سے نیویارک شہر کےلیے 2 ہزار وینٹی لیٹرز، 26 لاکھ فیس ماسک اور ایک لاکھ 70 ہزار حفاظتی چشمے بھجوائے گئے جو کہ انتظامیہ نے وصول کرلیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چینی ارب پتی شخص کی جانب سے بھجوائے گئے میڈیکل فیس ماسک اور میڈیکل حفاظتی چشموں کو نیویارک شہر کے 11 مختلف علاقوں کے طبی رضاکاروں کو میں تقسیم کیا گیا جب کہ چینی ارب پتی شخص نے طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس بھی بھجوانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو نے بھی چینی ارب پتی شخص اور ان کی اہلیہ کی جانب سے بھجوائی گئی طبی آلات کی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، جہاں 5 اپریل کی شام تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہو چکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 500 سے زائد ہو چکی تھیں۔

امریکا کی 50 ریاستوں میں سب سے زیادہ مریض ریاست نیویارک میں ہیں، جہاں مریضوں کی تعداد سوا ایک لاکھ تک ہے جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 2600 سے زائد ہے۔

ریاست نیویارک میں سب سے زیادہ مریض نیویارک شہر میں ہیں جو ریاستی دارالحکومت ہونے کے ساتھ دنیا کے بہترین طبی نظام والا شہر بھی ہے اور اسی شہر میں دنیا کے سب سے زیادہ امیر افراد بھی بستے ہیں۔

نیویارک شہر کی آبادی ایک کروڑ سے بھی کم ہے اور یہاں پر دنیا کے بہترین ہسپتالوں میں شمار ہونے والے ہسپتال اور میڈیکل سینٹرز بھی موجود ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024