• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

کورونا وائرس: پی سی بی کا رمضان کرکٹ کیلئے این او سی کے اجرا سے انکار

شائع April 4, 2020 اپ ڈیٹ April 11, 2020
چند منتظمین نے پی سی بی سے رمضان کرکٹ میں این او سی کے لیے رابطہ کیا تھا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی
چند منتظمین نے پی سی بی سے رمضان کرکٹ میں این او سی کے لیے رابطہ کیا تھا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر رمضان المبارک میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری خصوصی اعلامیے میں کہا گیا کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی وضاحت کے سلسلے میں رابطہ کیا۔

مزید پڑھیں: گوگل کا ڈوڈل کے ذریعے ہاشم خان کو خراج تحسین

بورڈ نے کہا کہ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں اور جب تک حالات معمول پر نہیں آتے، پی سی بی نے اس وقت تک کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔

اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ یہ ایک مشکل صورتحال ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے۔

پی سی بی نے منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کی کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیلئے میچز جیتنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا، مکی آرتھر

پی سی بی نے کہا کہ ہم اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہیں اور تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 20-2019 کےاختتام تک تنخواہیں ادا کی جائیں جبکہ کوشش ہو گی کہ ماہانہ تنخواہ میں بھی کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر کی عالمی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور تمام کھیلوں کے مقابلوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف مقابلے بھی وائرس کے سبب متاثر ہوئے اور ایونٹ کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: جنگ عظیم دوئم کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن منسوخ

دنیا بھر میں اولمپکس، یورو کپ، کنفیڈریشن کپ کے ساتھ ساتھ ومبلڈن اوپن اور کھیلوں کے تمام اہم مقابلے بھی منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک دنیا بھر میں 60 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 11 لاکھ سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024